Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

لے ڈوبا مجھے میرا موبائل
ARI Id

1689956677855_56117590

Access

Open/Free Access

Pages

196

لے ڈوبا مجھے میرا موبائل
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب شاہینو!آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کا موقع دیا گیا ہے وہ ہے:’’لے ڈوبا مجھے میرا موبائل ‘‘
جنابِ صدر!
سائنسی ایجادات نے تہلکہ مچا رکھا ہے، زندگی کو رنگینیاں عطا کی ہیں ، زندگی کو رعنائیاں نصیب ہوئی ہیں زندگی کے گلشن میں بہار آئی ہے، زندگی کے حسن میں نکھار آیا ہے، زندگی کے بادل گھٹابن کر برسے ہیں۔
صدرِذی وقار!
زندگی نئے نہج پر رواں دواں ہے، گھر بیٹھے ہزاروں میل دور کے نظارے کر رہے ہیں ، فلک بوس چوٹیوں کے منظر دیکھ رہے ہیں، مہینوں کا کام گھنٹوں میں کر رہے ہیں ، کوسوں دور بیٹھے عزیز واقارب سے نہ صرف بات کررہے ہیں بلکہ ان کی تصویربھی دیکھ رہے ہیں۔
صدرِ ذی وقار!
یہ سب کچھ سائنسی ایجادات کی بدولت ہے لیکن سہولتوں کے ساتھ ساتھ کچھ ایسی ایجادات بھی ہیں جس نے زندگی اجیرن کر رکھی ہے ، سکون برباد کر رکھا ہے، شرفاء کی کشتی بحر ذلت و رسوائی میں ٹامکٹوئیاں مارہی ہے، شرم و حیاء کا لباس اتر چکا ہے، سرکردہ لوگوں کی دستار کا طرہ نظر آنا بند ہو گیا ہے۔
جنابِ صدر!
ان جدید ایجادات میں ایک ایجاد ایسی ہے جس کو موبائل کہتے ہیں، میں مانتا ہوں کہ یہ نفسہٖ بری نہیں ہے ، یہ بذاتِ خود غیر اہم نہ ہے، اس کی افادیت بھی مسلمہ ہے، اس کے فوائد بھی گوناگوں ہیں لیکن اس کے غلط استعمال نے اس کی افادیت کے ماہِ ضوفشاں کو گہنا دیا ہے۔
جنابِ صدر!
موبائل آج ہر گھر میں ہے، ہرشخص کے پاس تقریباً موجود ہے، اس موبائل نے بجائے محبت و مودت کے عداوت و حضومت کے شجر کی آبیاری کی ہے، گلشن اخوت و ہمدردی کوخزاں آشنا کر دیا ہے۔ گلستانِ رنگ و بو میں نحوست کے بوم نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں ، موبائل کے باعث گھر کی منڈیر پر بے غیرتی و بے حیائی کے پرندوں نے چہچہا نا شروع کر دیا ہے۔
صدرِمحترم!
موبائل کا حامل شخص دوران نماز عذاب ، دوران تلاوت عذاب ، اوردورانِ گفت وشنید عذاب ہے ،موبائل طالب علم کو تعلیم دینے کی بجائے بے حیائی کا درس دے رہا ہے،عریانیت کی دہلیز پر کھڑا کر رہا ہے، بے غیرتی اور بے شرمی کے نغمے سُنا کر اس کی سامعہ خراشی کر رہا ہے، حیاسوز تصویر دکھا کر سامانِ عیش وعشرت فراہم کر رہا ہے۔
جنابِ صدر!
موبائل نے پھول کو پھول بننے سے پہلے ہی مرجھا دیا ہے، کچی کلی کو جوانی کی سیڑھی پر چڑھنے سے پہلے ہی مسل دیا ہے۔ بے نکاح بیوی کا ظہور، بے باپ بیٹے کی ولادت ، بغیر شادی بہنوئی کا اعزاز ، بے تعلق شرعی زن شوئی سسر اور دامادکالقب اگر اس دور میں کسی کومل رہا ہے وہ سب کا سب موبائل ہی کی بدولت ہے۔
صدرِذی وقار!
موبائل نے تعلیم کا جنازہ نکال دیا ، موبائل نے میری قرا بتیں مجھ سے چھین لی ہیں، موبائل نے میری عبادتیں مجھ سے چھین لی ہیں ، موبائل نے میری ذہانت مجھ سے چھین لی ، موبائل نے میری فطانت مجھ سے چھین لی، موبائل نے میر اکر دار مجھ سے چھین لیا، موبائل نے میرا وقار مجھ سے چھین لیا، موبائل نے میرا معیار مجھ سے چھین لیا۔

جنابِ صدر!
آج بھی اگر اس کے صحیح استعمال کی طرف توجہ نہ دی گئی ، حکومت ِوقت نے ہوش کے ناخن نہ لیے، پیغام رسانی کے غلط طریقے بند نہ کیے گئے ،نوجوان نسل کی نگرانی نہ کی گئی، ہر ذی فہم و فراست نے اپنا اپنا رول ادا نہ کیا، موبائل کمپنیوں سے مناسب باز پرس نہ کی گئی، تو ہماری آنے والی نسل شعوری طور پرمکمل مفلوج ہو جائے گی اور ہماری داستان تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں ، اور ہمارا ہر نوجوان جب دہلیز مرگ پر قدم رکھے گا تو اس کی روح سے یہ آواز آئے گی کہ’’ لے ڈوبا مجھے میرا موبائل‘‘
کبھی ہوتا نہ تھا جو ہم سے قائل
غلط رہ پر تھا جو ہر وقت مائل
وہ اب یہ کہہ رہا ہے سب سے راشدؔ
کہ لے ڈوبا مجھے میرا موبائل

والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...