Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

محنت کامیابی کی ضمانت ہے
ARI Id

1689956677855_56117597

Access

Open/Free Access

Pages

213

محنت کامیابی کی ضمانت ہے
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
آج مجھے جس موضوع پر اظہار خیال کرنا ہے وہ ہے:’’محنت کامیابی کی ضمانت ہے‘‘
صدرِذی وقار!
اس کائنات میں ہرشخص یہ چاہتا ہے کہ میں کامیاب و کامران ہو جاؤں۔ میری کامیابی و کامرانی کے ڈنکے چار دانگ عالم میں بجنے لگیں۔ میری زندگی کامیابی سے گزرے۔ کسی میدان میں مجھے ناکامی کا منہ نہ دیکھنا پڑے۔ میرے دوست میرے ساتھ ہمیشہ تعاون کرنے پر آمادہ ر ہیں۔ اپنے اعداء اور مخالفین کو بھی معاونت پر آمادہ کرنے پر کامیاب ہو جاؤں۔
محترم صدر!
یہ بہت کچھ یونہی نہیں ہوگا ۔اس کے لیے انتھک محنت کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے شب و روز کوشش کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے مسلسل تگ و دو کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے عمل پیہم کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے مساعی جمیلہ کی ضرورت ہے، جیسے جیسے ہم محنت کرتے جائیں گے کامیابی کے دروازے ہمارے لیے کھلتے جائیں گے۔
یقین محکم ، عمل پیہم، محبت فاتح عالم
جہاد زندگانی میں یہ ہیں مردوں کی شمشیریں
جنابِ صدر!
اگر کوئی طالب علم تعلیمی میدان میں کامیاب ہونا چاہتا ہے۔ اگر کوئی سیاستدان میدانِ سیاست میں کامیابی و کامرانی کے جھنڈے گاڑھنا چاہتا ہے۔ اگر کوئی قانون دان اپنی عظمت کا لوہا منوانا چاہتا ہے۔ اگر کوئی کسان اپنے کھیت و کھلیان کو کشت ِزعفران بنانا چاہتا ہے تو سب کو درمحنت و مشقت پر دستک دینا ہوگی۔

صدرِذی وقار!
قرآنِ پاک میں ارشاد ِباری تعالیٰ ہے کہ ’’لیس للانسان الا ماسعی‘‘ یعنی انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کے لیے وہ کوشش کرتا ہے جس کے لیے تگ و دو کرتا ہے۔ جس کے لیے وہ دن رات ایک کرتا ہے جس کے لیے وہ وقت اور مال کی قربانیاں دیتا ہے جس کے لیے وہ لہود و لعب کو چھوڑ دیتا ہے، جس کے لیے وہ وقت کا ضیاع ترک کر دیتا ہے جس کے لیے وُہ اپنے آپ کومختص کردیتا ہے۔
معزز سامعین!
ارشاد رسالت مآبؐ ہے کہ ’’من جد وجد‘‘ جس نے کوشش کی اس نے پالیا یعنی جس نے محنت کی اس کوکا میا بی مل گئی۔ جس نے رات کو پاؤں سے سنپولیے مسلے اور کھیتوں کو پانی دیا اس کی کاشت رنگ لائی۔ جس نے رات کو مطالعے کی میز پر بیٹھ کر رات گئے تک اپنے آپ کو مطالعے کے لیے وقف کر دیا امتحان میں یقینی کامیابی کے احساس نے اسے مسرور کر دیا۔
صدرِذی وقار!
اگر کامیابیوں کے زینے طے کرنا ہیں تو ہمیں محنت شاقہ کرنا ہوگی، اگر منازل کا حصول درکار ہے تساہل پسندی کو چھوڑ نا ہوگا، اگر زندگی میں نام پیدا کرنا ہے تو غفلت کے دروازے بند کرنا ہوں گے۔ محنت و مشقت کو عادت ِثانیہ بنانا ہوگا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جتنے عظیم لوگ دنیا میں پیدا ہوئے ہیں وہ پیدائشی عظیم نہ تھے محنت نے ان کو اس منزل پر پہنچایا۔
نامی کوئی بغیر مشقت نہیں ہوا
سو بار جب عقیق کٹا تب نگیں ہوا
صدرِِمحترم!
کائنات میں رنگارنگ بہار یں لہلہاتے ہوئے کھیت، گلستان میں کھلے ہوئے گلہائے رنگارنگ، چمنستان میں اٹھکیلیاں کرتی ہوئی بادِ نسیم نظر آنے والے جبال شامخہ پہاڑوں کے اندر سے نکالی گئی سرنگیں، ملک کے طول وعرض پربچھائی ریلوے لائنیں، یہ بڑے بڑے بنائے گئے ڈیم ، یہ بڑی بڑی لگائی گئی صنعتیں یہ سب محنت شاقہ کا شاخسانہ ہے۔
معزز سامعین!
پھر کیوں نہ کہیں کہ محنت کامیابی کی ضمانت ہے
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...