Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

اتحادِ ملّت
ARI Id

1689956677855_56117601

Access

Open/Free Access

Pages

221

اتحادِملت
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
السلام علیکم ! آج مجھے جس موضوع پر گفتگو کرنی ہے وہ ہے:’’اتحاد ملت ‘‘
جنابِ صدر!
اتحاد کا لفظ بڑی جاذبیت کا حامل ہے، اتحاد ،متحد ،متحدہ وغیرہ کے الفاظ اگر جائز استعمال ہو ںتو ان کے معنی میں ایک حسن پیدا ہو جاتا ہے۔ چند اینٹیں متحد ہو جائیں تو ایک مکان کی تعمیر کر دیتی ہیں، ایک عمارت بنا دیتی ہیں، ایک دیوار کھڑی کر کے بے پردہ گھر کو باپردہ بنادیتی ہیں۔ چند قطرے متحد ہوجائیں تو وُہ بحیر ہ اور بحر کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔
صدرِذی وقار!
اتحاد جس صورت میں بھی موجود ہو قابل صدتحسین تصور کیا جاتا ہے، جو قوم ملی اتحاد کی دولت سے مالا مال ہوتی ہے وہ ہر لحاظ سے مسرور اور خوش و خرم ہوتی ہے۔ اس کی فضاؤں میں آلودگی نہیں ہوتی ، اس کے کھلیانوں میں خس و خاشاک نہیں ہوتے ، اس کے حجر اور شجر پر جہالت کی گر دنہیں ہوتی، اس کے باشندگان کی عروق مردہ نہیں ہوتیں، اس کے میدان ویران نہیں ہوتے، اس کے ہسپتال آباد نہیں ہوتے۔
جنابِ صدر!
تاریخ کی ورق گردانی کریں اور مطالعہ کی میز سے تساہل اور غفلت کی گرد دورکریں تو پتہ چلتاہے کہ جو کام متحدہ اقوام نے کیا وہ اختلاف کا شکار قو میں کسی صورت سرانجام نہ دے سکیں، اور ہمیشہ ماہی بے آب کی طرح تڑپ کر، حقیر حشرات الارض کی طرح رینگ کر ، مردار کے گرد گدھ کی طر ح منڈ لا کر زندگی گزارنے کے لئے مجبور ہوگئیں۔
جنابَ صدر!
اسلام میں اتحاد پر بڑا زور دیا گیا ہے حدیث پاکؐ میں ہے کہ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے، مسلمان مسلمان کو کبھی گالی نہیں دیتا، مسلمان مسلمان کو کبھی برا بھلا نہیں کہتا، ایک اور مقام پر ارشادِ رسالت مآبؐ کہ مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرا مسلمان محفوظ ر ہے، اسی طرح آپؐنے فرمایا کہ جب کوئی شخص کسی دوسرے کی مدد میں لگا رہتا ہے تو اس وقت تک اللہ تعالیٰ اس کی مدد میں لگا رہتا ہے۔
صد رِ محترم!
اسلام کی تعلیمات سے یہ بات مترشحّ ہورہی ہے کہ اتحاد ایک بڑی دولت ہے، ایک بڑی نعمت ہے، سراسر رحمت ہے، سراسر برکت ہے، اسلام کی عبادات ہی اتحادملی کا درس دیتی ہیں، نماز اجتماعی عبادت ہے ، روزہ میں بھی انفرادی کے ساتھ ساتھ اجتماعیت کا بھی تصور پایا جاتا ہے، حج کا موقع اگر ملاحظہ فرمائیں تو وہاں بھی اجتماعی عبادت کا سیلاب نظرآتاہے۔
جنابِ صدر!
اسلام کی روح بھی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ قوم، معاشرہ، ملک یہ سب متحد ہوں ، آپس میں اختلافات کا شکار نہ ہوں، بے سکونی اور خلفشاری کا شکار نہ ہوں، بے سکونی، بے اطمینانی اور انارکی جیسی مسموم فضاء سے مامون ہوں، اس کی کوشش سلف صالحین اور نابغۂ روزگار ہستیاں کرتی رہی ہیں ، علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ، جمال الدین افغانی رحمۃ اللہ علیہ، ابن زیدون رحمۃ اللہ علیہ ، ابن عبدر بہ رحمۃ اللہ علیہ، ڈاکٹرطہ حسین اور دیگر زعماء اتحادِملی کے لیے عمر بھر کوشاں رہے۔

والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...