Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

کہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں
ARI Id

1689956677855_56117604

Access

Open/Free Access

Pages

229

کہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب شاہینو!
آج مجھے جس موضوع پر اظہار خیال کرنا ہے وہ ہے:’ ’انتظار تھا جس کایہ وہ سحر تو نہیں ‘‘
صدرِذی وقار!
امید پردنیا قائم ہے، امید سے گلشن ہستی میں بہار ہے، امید سے رخ ِکائنات پر نکھار ہے، امید پر سب کا دارو مدار ہے، امید پیام ِمسرت ہے، امیدعیش وعشرت ہے، امید ضرورتِ وقت ہے، امید سے تعلق نعمت ہے۔
جنابِ صدر!
امید بر نہ آئے تو آفتاب مسرت گہناجاتا ہے۔ گلستانِ حیات میں خزاں آجاتی ہے۔ شجرسایہ دار کے نیچے خس و خاشاک اُگ آتے ہیں، یہ خودرو غیر مفید پودے فضا کو آلودہ کرتے ہیں، مایوسی و پژمردگی کے سائے بڑھنے لگتے ہیں، یاس و اُمید کا فقدان ہو جاتا ہے، نا امیدی کا مردار گدھ ماحول کو تعفن کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
صدرِمحترم!
آرزو پوری نہ ہو تو خواب پورے نہیں ہوتے ، قلوب و اذہان میں آسودگی نہیں آتی ، حالات سازگار نہیں ہوتے ، دل کے ارمان ادھورے رہ جاتے ہیں، زندگی کی بوقلمونیوں میں ٹھہراؤ آجاتا ہے، عزیز و اقربائ، احباب واصدقاء کا قرب مفقود ہو جاتا ہے، زیست کی رعنائیاں دم توڑتی ہوئی نظر آتی ہیں۔
جنابِ صدر!
کسان محنت کرنے اورکھیتی کشتِ زعفران نہ بنے ، منصف شب و روز محنت کرے اور درست فیصلہ نہ کر سکے۔ خطیب کا روح پرور خطبہ بھی خاطر خواہ نتائج برآمد نہ کر سکے ، مجاہد کی سخت کوشی بھی دشمن کی یلغار کو روک نہ سکے ،مدرس کی تدریس طلبا کے لئے سازگار اور سود مند ثابت نہ ہو، مصنف کی تصنیف نفع بخش مواد سے عاری ہوتو،
جنابِ صدر!
یہ وہ سحر نہیں جس کا انتظار تھا، یہ وہ نورنہیں جوعلم کدہ حیات میں روشنی بکھیر دے، یہ وہ صیاد نہیں جس کی چمک سے زندگی کی شب ِدیجور کے نہاں خانے منور ہو جائیں ، یہ وُہ آفتاب نصف النہارنہیں جس سے تاریکیاں چھٹ جائیں، یہ وہ ستارے اور نجوم نہیں جوظلمت شب میں روشنی بکھیرتے ہیں، یہ وُہ بدر و ہلال نہیں جس کی چاندنی اکتا ہٹیں اور گھبراہٹیں کافور کردیتی ہے۔
صدرِمحترم!
زندگی کی بہار یں بھی تب اچھی لگتی ہیں جب دل کو سکون دیں ، بادِنسیم کی اٹکھیلیاں بھی تب اچھی لگتی ہیں جب اندر اطمینان ہو، نسیمِ سحر کے جھونکوں سے تب مسرور ہوں گے جب نہاں خانہ ٔدل میں قرار ہو، سحر کا حسن، اس وقت دلفریب ہوگا جب دل کے غنچوں کو کھلا دے، اور اگر دل کو سرور، نظر کونور، بدن کو فرحت اور دماغ کو مسرت نہیں بخشتی تو وہ سحر سحر ہی نہیں۔
جیسا موڈ ہو ویسا منظر ہوتا ہے
موسم تو انسان کے اندر ہوتا ہے
جنابِ صدر!
یہ تمام خوشیاںتب پوری ہوں گی جب ہماری غرض و غایت پایا تکمیل تک پہنچے گی۔ ہمارا مقصد تو تھا کہ ہمیں سکون ہوگا ، اطمینان ہو گا، لیکن معاملہ اس کے برعکس نکلا، سچ کے لیے آگے بڑھے، جھوٹ مقدر بنا،شجاعت کے لیے قدم بڑھایا بزدلی نے استقبال کیا، امانت کے ہاتھ پھیلائے خیانت سے واسطہ پڑا، سپیدہ سحر کے لیے جستجو کی ظلمت شب نے معانقہ کیا تو جناب صدر! ہم کیوں نہ کہیں کہ انتظار تھا جس سحر کایہ وہ سحرتو نہیں۔
چراغ طور جلاؤ بڑا اندھیرا ہے
ذرا نقاب اُٹھاؤ بڑا اندھیرا ہے
وہ جن کے ہوتے ہیں خورشید آستینوں میں
انھیں کہیں سے بلاؤ بڑا اندھیرا ہے
محترم صدر!
ہمارے سلف صالحین نے اس خطہ کے لئے قربانیاں دیں، گھر بار چھوڑے، عورتیں بیوہ ہوئیں، بچے یتیم ہوئے ، پھر جا کر یہ دولت نصیب ہوئی ، یہ وطن ہمارا مقدر بنا، اس کے در و دیوار ہمارے سکون کا سبب بنے، یہاں ہم نے سکون کا سانس لیا، اپنے دین کے مطابق زندگی گزارنا شروع کی ، اور اپنی روایات کو اسلامی شکل دی۔
جنابِ صدر!
مقصد تو یہی تھا کہ زندگی اسلامی ہوگی ، شب وروز اسلام کے مطابق گزاریں گے، آزادانہ طرز حیات پرعمل ہوگا، اسلام کی یہ سحرمؤذن کی اذان سے ہوگی ، تلاوت ِقرآن سے ہوگی، نبی ؐپر درود و سلام سے ہوگی، پاکستان میں اخوت ہوگی ، اس ارض پاک میں ہر چیز خالص اور پاک ہوگی ، اس کی فضاؤں میں، اس کی ہواؤں میں، اس کے کو ہساروں میں، اس کی آبشاروں میں، اس کے کھیتوں کھلیانوں میں، اس کی چٹانوں اور میدانوں میں ایک انفرادیت ہوگی ۔لیکن
محترم صدر!
ہم نے اس سے جدا پایا، یہاں دہشت گردی ہے، یہاں وحشت ہے، یہاں گراوٹ ہے، یہاں ملاوٹ ہے، یہاں اقرباء پروری ہے، یہاں رشوت ستانی ہے، یہاں دھوکہ دہی ہے، یہاں فریب کاری ہے، یہاں تعصب ہے۔ یہاں فرقہ واریت ہے، یہاں خون ریزی ہے۔
محترم صدر!
اب مجھے یہ کہنے دو!
یہ داغ داغ اجالا یہ شب گزیدہ سحر
کہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...