Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

معاشرے کی تعمیرو ترقی میں طلباء کا کردار
ARI Id

1689956677855_56117606

Access

Open/Free Access

Pages

235

معاشرے کی تعمیر وترقی میں طلباء کا کردار
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز سامعین اور میرے ہم مکتب شاہینو!آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کرنی ہے وہ ہے:’’معاشرے کی تعمیر وترقی میں طلباء کا کردار ‘‘
جنابِ صدر!
طالب علم معاشرے کا ایک اہم جزو ہے، ایک اہم حصہ ہے، معاشرے کی تسبیح کا ایک اہم دانہ ہے، ایک اہم شمارہے، طالب علم کا وجود گھر کے لیے، خاندان کے لیے، معاشرے کے لیے، ملک وقوم کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ وہ معاشرہ جس میں طالب علم کا کوئی کردار نہ ہو وہ حقیقت میں معاشرہ کہلانے کا حق دار نہیں ہے۔
صاحبِ صدر!
ایک ہونہار طالب علم جب علمی درسگاہ کے زیور سے مزیّن اور مرصعّ ہو کر خانگی ، معاشرتی، سیاسی اور قومی ماحول میں قدم رکھتا ہے تو اس کا وجود پورے ماحول کو متاثر کرتا ہے، اس کی گفتگو، اس کی نشست و برخاست ، اس کا قیام وقعود معیاری ہوتا ہے، اس کا اندازِ جہاں بانی منفرد اور یکتا ہوتا ہے، اس نے دورانِ تدریس صحت مند اور مفید نصاب کے اوراق اسود کی ورق گردانی کی ہوتی ہے۔
جنابِ صدر!
اس نے اگر منافقت کا باب پڑھا ہوتا ہے تو ریاکاری اور منافقت سے دور رہ کراپنی زندگی گزارتا ہے ،گل سر سبنر کی طرح مضافاتی علاقے کو معطر رکھتا ہے، جو تعلیمی ادارے میں پڑھتا ہے اس پر من وعن عمل کرتا ہے، اس کی زندگی عوام النّاس کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہ ہوتی ہے۔
معزز سامعین!
ایک ذی فہم و فراست اور ذی شعور طالب علم ،علم و دانش کے نشتر سے معاشرے کے وجود سے جہالت، نفرت، بغض، حسد، ریا کاری ،نمود ونمائش، اقرباء پروری ، رشوت ستانی، اور سودخوری کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ طالب علم کا وجود ہی سراپا محبت ہوتا ہے اگر وہ بامقصد علم کی تحصیل میں شب و روز گزار رہا ہو
حصولِ علم ہی اک مشغلہ ہے اہل جنت کا
محبت کا، مروت کا ، مودت کا ، اخوت کا
صدرمحترم!
سرکارِ دو عالمؐ کافرمانِ عالیشان ہے کہ علم حاصل کرو گود سے لے کر گور تک۔ اسی طرح طالب علم ساری زندگی طالب علم ہی رہتا ہے علم کی جستجو میں کوشاں رہتا ہے ، میدانِ علم و دانش کی شاہسواری کا آرزو مند رہتا ہے، آسمان علم وآگہی کا آفتاب و ماہتاب بننے کی خواہش ہمیشہ انگڑائیاں لیتی رہتی ہے۔
صدرِ ذی وقار!
معاشرے کی تعمیر و ترقی میں طلباء کا کردار اور ان کی مساعی جمیلہ روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے خوابید ہ قوم کوغفلت سے بیدار کیا تو وہ طالب علم تھے، جمال الدین افغانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی قوم کی باگ ڈور سنبھالی تو وہ بھی ایک طالب علم تھے، الطاف حسین حالی ، مرزا غالب ، میرتقی میر ،میر انیس، ڈپٹی نذیر احمد، محمد حسین آزاد، یہ سب طالب علم ہی تھے جنہوں نے عمر بھرتحصیل علم کے لیے کاوش کی اور ملک وقوم کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ معاشرے کی تعمیر وترقی میں طلباء کے کردار کی ہر تہذیب ، ہر مسلک، ہرمشرب اور ہر ملک معترف ہے۔
ناخدا تم ہو ہماری نائو کے
آنے والا کل تمھارے ہاتھ ہے
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...