Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

میں اِک اور اقبال کے انتظار میں ہوں
ARI Id

1689956677855_56117609

Access

Open/Free Access

Pages

242

میں اک اور اقبال کے انتظار میں ہوں
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز سامعین ا ور میرے ہم مکتب شاہینو!آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کرنی ہے وہ ہے:’’میں اک اور اقبال کے انتظار میں ہوں‘‘
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں
جنابِ صدر!
اقبال رحمۃ اللہ علیہ جیسی نابغہ ٔروزگار اور عظیم المرتبت شخصیت صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے۔ ان کے افکار و خیالات، نظریات اور عمل کے اثرات صدیوں تک منارۂ نور کی طرح جھلملاتے رہتے ہیں۔ خالق کائنات نے اقبال کوایسی قوت ادراک اور بصیرت عطا فرمائی تھی کہ جو کائنات کے سربستہ رازوں کو دیکھنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔ وہ ایک مسلمان کی طرح سوچنے اور مومن کی طرح محسوس کرتے تھے۔ وہ دیدہ ور اور دانائے راز تھے۔ آپ نے حکیم الامت بن کر ملت اسلامیہ کے مرض کہن کی نشاندہی کی۔ قرآنی فکر اور فلسفہ سے اسے دور ہٹانے کی کوشش کی ، اقبال کی فکر اور وجدان کا مآخذ اور مرکز عقیدہ توحید اور رسالت ہے۔ یہ وہ بنیاد ہے جس نے روئے زمین کے تمام مسلمانوں کو یکجا کر دیا ہے۔
ٹپک اے شمع آنسو بن کے پروانے کی آنکھوں سے
سراپا درد ہوں حسرت بھری ہے داستاں میری
معزز سامعین!
اقبال رحمۃ اللہ علیہ سمجھتے تھے کہ مسلمان تارک قران ہو کر خوار ہوئے ہیں۔ اس لیے آپ مسلمانوں کی حالت زار پر بہت رنجیدہ تھے۔ ذات پات، رنگ، نسل، ملک وقوم کی تقسیم نے مسلمانوں سے ان کا جو حقیقی مشن چھین لیا ہے۔ فکروعمل کی دوری سے مسلمان کمزور ہوتے چلے گئے۔ اپنے مقصد حیات سے دور ہٹنے کی وجہ سے غیروں کی محکومی انکا مقدر بن گئی۔ انتشار و افتراق نے ان کی رہی سہی طاقت بھی ختم کر دی۔ ان حالات میں اقبال نے حسرت و یاس میں امید کی ایک کرن دکھائی۔ ان کو ایک خدا، ایک رسول اور ایک مرکز کی طرف واپس لانے کی سعی کی۔ اپنے اجداد کے کارناموں پر فخر اورعمل پیرا ہونیکی تلقین کی۔ بکھرے ہوؤں کو ایک ہی تسبیح میں پرونے کی کوشش کی۔ ملت سے رابطہ استوار رکھنے کا درس دیا۔ شاہین جیسی صفات اور مردِ مومن جیسے کمالات پیدا کرنے کا حوصلہ دیا تا کہ قرآنی فکر اور اسوۂ رسولؐ پرعمل پیرا ہو کر اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام حاصل کریں۔
جنابِ صدر!
ملت اسلامیہ کو آج پہلے سے زیادہ خطرات لاحق ہیں ،فرعون صفت باطل قوتیں اپنے بھیانک عزائم سے ظلم و ستم، جبرو تشدد، درندگی و سفاکی کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں۔ طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کے وسائل ہڑپ کررہی ہیں۔ ذہن خریدے جارہے ہیں، نصاب تعلیم بدلے جارہے ہیں ، اسلام دشمن قوتیں اس امت کوصفحہ ہستی سے مٹانے کے لیے جمع ہوچکی ہیں۔
نشاں یہی ہے زمانے میں زندہ قوموں کا
کہ صبح و شام بدلتی ہیں ان کی تقدیریں
کمالِ صدق و مروت ہے زندگی ان کی
معاف کرتی ہے فطرت بھی ان کی تقصیریں
عزیز ساتھیو!
حسرت و یاس کی اس دلدل میں بندگانِ خدا کی نگاہیں رہ رہ کر آسمان کی طرف اُٹھ رہی ہیں اور رب العالمین کے حضور دعا کر رہی ہیں کہ ’’ اے اللہ ہمیں اقبال جیسامر دِقلندر ، درویش صفت، مد بر ورہبر عطا فرما۔‘‘
ایسا کہاں سے لاؤں کہ تجھ سا کہیں جسے
جنابِ صدر!
میری نگا ہیں آج بھی اس عامل قرآن کی راہ تک رہی ہیں، جو ماضی کا تجربہ رکھتا ہو، حال پر گرفت رکھتا ہو اور مستقبل میں جھانکنے کا ملکہ رکھتا ہو۔ میں اس کے انتظار میں ہوں جو بھٹکے ہوئے آہو کو سوئے حرم لے چلے۔ میں اس معلم کے انتظار میں ہوں جو ہمیں عدالت ، شجاعت، امانت اور صداقت کا علم پڑھائے، میں اس امام کے انتظار میں ہوں جو حقِ امامت ادا کرے، میں اس ہستی کے انتظار میں ہوں جو میرے اسلاف کے کارنامے سنائے اور میرے اندر کا مردمومن جگا دے، میں اس مجاہد کے انتظار میں ہوں جس کے نعرۂ تکبیر سے دل سینوں میں دہل جائیں۔ شبستان لرز جائیں میں اس دانا کے انتظار میں ہوں جس کی آنکھوں کے سامنے کائنات کے اسرار ورموز آشکارا ہوں۔ ایسے رہنما کے انتظار میں ہوں جو صبح وشام بدلتے حالات، نئے رجحانات سے آگاہ ہو، ہر چیلنج سے نبردآزما ہونا جانتا ہو، علم وعمل اور فکر کی حقیقت سے آشنا ہو۔ میں اس حکیم کے انتظار میں ہوں جو ملت کے مرض کہن کو بخوبی جانتا ہو اور اس کے علاج پر دسترس رکھتا ہو۔ میں ایک ایسے مسیحا کے انتظار میں ہوں جومشکل میں پڑی امت کو سہارا دے۔ دنیا کے تمام نقشوں کوز یروز بر کر دے اور اپنی مسیحائی کاحق ادا کر دے۔
آخر میں دعا گو ہوں کہ اے باری تعالیٰ ’’ میں اک اقبال کے انتظار میں ہوں‘‘ میں نے یہ خواب دیکھا ہے، خواب پورا کر دے۔ (آمین)
جب اس انگارۂ خاکی میں ہوتا ہے یقیں پیدا
تو کر لیتا ہے یہ بال و پر رُوح الامیں پیدا
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...