Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

معاشی ترقی میں تعلیم کا کردار
ARI Id

1689956677855_56117613

Access

Open/Free Access

Pages

253

معاشی ترقی میں تعلیم کا کردار
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز سامعین اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کا موقع فراہم کیا گیا ہے وہ ہے:’’معاشی ترقی میں تعلیم کا کردار ‘‘
جنابِ صدر!
ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ معاشرے میں میرا مقام بلند ہو جائے ، مجھے لوگ امیر انسان تصور کریں۔ میرے مشوروں پرعمل کیا جائے ، میری رائے کو اہمیت دی جائے ، میری شخصیت مسحور کن ہوں ،میری عادات متوازن ہوں ، میر ااٹھنا بیٹھنا معیاری ہو ، میری نشت و برخاست میں آن بان اور شان کی جھلک نمایاں ہو۔ میں طلسماتی شخصیت کا مالک ہوں۔
جنابِ صدر!
ان تمام اعزازات کے حصول کے لیے درعلم و حکمت پر دستک دینا پڑے گی ، اپنی معاشی حیثیت کو بحال کرنا ہوگا، کیونکہ جس کے گھر میں خوردونوش کا سامان نہ ہو، اس کی سوچ کے انداز تبدیل ہو جاتے ہیں وہ صرف یہ سوچتا ہے کہ رات کا کھانا کہاں سے آئے گا، بچوں کا پیٹ کس طرح پالا جائے گا، بچوں کو ڈھانپنے کے لیے کپڑے کہاں سے آئیں گے۔ اس کو اور کسی بات سے غرض نہیں۔
محترم صدر!
معاشی ترقی کے لیے تعلیم اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تعلیم کے حصول سے نہ صرف انسان معاشی طور پر مضبوط ہو جاتا ہے بلکہ اس کی ترقی مثالی ہو جاتی ہے۔ جسمانی لوازمات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم اس کو روحانی تازگی اور تراوٹ بھی فراہم کرتی ہے اور نا جائز ذرائع سے معاشی آسودگی کا خواہش مندتحصیل علم کے بعد اپنی اسی خواہش کی تکمیل میں کوشاں رہتاہے۔
لاتی ہے گلستاں میں معیشت کی یہ بہار
تعلیم کی یہ جستجو ضائع نہیں جاتی
جنابِ صدر!
تعلیم انسان میں انسانیت پیدا کرتی ہے، صاحب علم کبھی چوری نہیں کرتا، علم کے زیور سے مرصعّ انسان کبھی ڈاکہ زنی نہیں کرتا۔ علم کے آسمان کی بلندیوں پرمحو پرواز شخص کبھی مردارپر نہیں گرتا، علمی محفلوں میں بیٹھنے والاعقاب کبھی گدھوں کی ہم نشینی نہیں کرتا، علم کی شمع سے منور کبھی معاشی نحوست کے اندھیروں سے نہیں گھبراتا۔ علم کے گلشن سے آتی ہوئی بادِنسیم کبھی بھی دماغ کو معاش کے خطروں سے متعفن نہیں ہونے دیتی۔
صدرِمحترم!
علم ایک زیور ہے، علم ایک زینت ہے ،علم کی دولت کبھی مفلس نہیں ہونے دیتی، علم و ہنر سے مزیّن شخص معاش کے بارے میں مطمئن ہوتا ہے۔ معاش کے وہم و گمان اس کو پریشان نہیں کر سکتے۔ اس کی سوچ اس پریشانی سے کوسوں دور ہوتی ہے۔ دیگر شعبوں کی نسبت اگر ایک شخص تحصیلِ علم جو فرض ہے پر اپنے بچوں پر روپیہ یامال صرف کرتا ہے تو ماہرین معاشیات شاہد ہیں کہ اس کا مال دیگر شعبوں میں لگائے گئے مال کی نسبت زیادہ منافع حاصل کرتا ہے۔
جنابِ صدر!
دیگر شعبوں میں صرف کیا گیا مال تو صرف ظاہر آمدنی کا سبب بنتا ہے اور ان میں نقصان کا گمان بھی رہتا ہے۔ لیکن علم حاصل کرنے کے لیے خرچ کیا گیا مال ضائع نہیں جاتا نہ صرف اسے معاشی طور پر مضبوط کرتا ہے بلکہ دیگر شعبوں میں بھی اس کے لیے فتح و نصرت کے دروازے کھل جاتے ہیں اور ہر میدان میں کامیاب ہو جا تا ہے۔
صدرِذی وقار!
آج اگر ہم اپنے آپ کو معاشی طور پر مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو تعلیم کی طرف توجہ دینا ہوگی اس کے باعث ہم دیگر ممالک میں اپنا وقار بلند کر سکتے ہیں۔ خوردونوش سے بے فکری دیگر شعبوں میں ترقی کا باعث بن سکتی ہے۔ معاشی پریشانیوں کے اندھیروں میں گھرا ہوا انسان دیگر شعبوں میں اہم کردار ادا نہیںکر سکتا ہے۔ اس مرض کے خاتمے کے لیے تعلیم کے ذریعے علاج نا گزیر ہے۔
والسلام

دور حاضر میں فنی تعلیم کی ضرورت
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز سامعین اور میرے ہم مکتب شاہینو!
آج مجھے جس موضوع پر اظہار خیال کرنا ہے وہ ہے:’’دور حاضر میںفنی تعلیم کی ضرورت‘‘
صدرِذی وقار!
علم ایک نور ہے، علم ایک روشنی ہے، علم ایک دولت ہے، علم ہی سے گلشن ہستی کے گل وگلزار میں تازگی اور طراوت ہے، علم ہی سے میدانِ حیات و زیست میں شاہسواری کی جاتی ہے، علم ہی کی بدولت آسمانِ علم و دانش پر آفتاب و ماہتاب بن کر چمکتا ہے۔
صدرِ محترم!
علم نام ہے واقفیت کا، علم نام ہے ادراک کا ،علم نام ہے شعور اور قویٰ کو پروان چڑھانے کا، علم سے زندگی ہے، علم ہی بندگی کا انداز سکھاتا ہے ،علم ہی سے نشت و برخاست کا ڈھنگ آتاہے، علم ہی سے لغت حجازی کا فرہنگ بنتا ہے، علم ہی سے تہذیب و تمدن کی فضاء ہموار ہوتی ہے۔
معززصدر!
علم کی ضرورت ہر دور میں رہی ہے ،علم ہی کی بدولت آج ہم اپنی تاریخ سے باخبر ہیں، علم جو بھی ہو انسان کو انسانیت سکھاتا ہے، اگر علم نافع ہے تو صاحب علم کی قدریں بڑھ جاتی ہیں، اگر علم غیر نافع ہے تو صاحب علم اپنے آپ کو محفوظ و مامون رکھتا ہے۔
معززصدر!
علم جب عقل و شعور کو منور کر کے اپنی روشنی کی کرنیں خارجی طور پر ظاہر کرتا ہے، صاحب علم کے اعضاء سے اس کا اظہار ہوتاہے، ایک غنی کی شکل اختیار کرتا ہے۔ ایک ہنر کی صورت میں نظر آتا ہے۔ تو اس وقت اس کی اہمیت کو چار چاند لگ جاتے ہیں، معاشرے میں خوشحالی کے دروازوا ہو جاتے ہیں، غربت و افلاس کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ زندگی بارونق ہوجاتی ہے۔
معززصدر!
فنی تعلیم کا حصول موجودہ دور میں جز و لاینفک ہے، از حد ناگزیر ہے، جس معاشرے میں ، جس قوم میں، جس ریاست میں ، بے روزگاری عام ہو ، مہنگائی کا دور دور ہ ہو لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوں ان کوفنی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ان کی راتوں کو لیلتہ القدر اور دونوں کوروزعیدبنانا ہے۔
معززصدر!
ہنر مند افراد معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں ، وہ معاشرے کی ، قوم کی ، ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، ان کی توانائیاں ، ان کے شعور کا تقدس ان کی ہنر مندانہ مہارتیں اپنی قوم کے ہر دور میںمشاطگی کرتی ہیں۔ یہ ہنر مند افراد اپنے ملک کا عظیم سرمایہ ہوتے ہیں۔
معزز صدر!
اس وقت جتنی ضرورت فنی تعلیم کی ہے کسی اور کی نہیں ہے، ایک ہنر مند لڑ کی، ایک سلائی کڑھائی کا کام کرنے والی عورت اپنے گھر کے جملہ افراد کوغربت و افلاس کی دلدل سے نکال سکتی ہے، ایک پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والا فردکسی کا دست نگر نہیں ہوتا، چوبیس گھنٹے ان کی دہلیز پرخوشی دستک دیتی رہتی ہے۔
معزز سامعین!
دولت و ثروت کا شاہین اس کے مکان کی منڈیر پر بیٹھارہتا ہے۔ اس کی جملہ ساعتیں بے فکری سے گزرتی ہیں، اس کے گھر کے کونے کھدر ے دولت کی شمع سے منور ہوتے ہیں، اس کے گھر کا ماحول افلاس کی طاقتوں سے نا آشنا ہوتا ہے۔ فنی تعلیم کی بدولت وہ فردا ٓسمان پر مہر نیم روز کی طرح چمکتا ہے تو پھر ہم کیوں نہ کہیں کہ فنی تعلیم دور حاضر کی اہم ضرورت ہے۔
والسلا م

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...