Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

ٹیلی ویژن کی اہمیت
ARI Id

1689956677855_56117615

Access

Open/Free Access

Pages

257

ٹیلی ویژن کی اہمیت
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز سامعین اور میرے ہم مکتب شاہینو!
آج مجھے جس موضوع پر اظہار خیال کرنا ہے وہ ہے:’’ٹیلی ویژن کی اہمیت‘‘
جنابِ صدر!
ترقی انسان کا مقدر ہے، یہ انسان ہمیشہ سے آگے بڑھتا آیا ہے مختلف قسم کی ایجادیں ہوئیں، مختلف حوالوں سے ترقی ہوئی ،مختلف شعبوں میں انسان نے ترقی کیلئے سرتوڑ کوشش کی اور پھر اس میں کامیابی حاصل ہوئی، انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کے لیے جتنی کوشش کرتا ہے ،جتنی کدوکاوش کرتا ہے، اس کو اس کی محنت کا پھل اللہ تعالیٰ ضرور عطا فرماتا ہے۔
صدرِذی وقار!
کچھ عرصہ قبل کی بات ہے کہ ریڈ یوکی ایجاد نے دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا، اس میں ترقی ہوئی تو ٹیلی ویژن ایجاد ہو گیا، ٹیلی ویژن کی ایجاد ایک اہم ایجاد ہے ، ریڈیو نے کائنات کی وسعتیں اور فاصلے سمیٹے اور انسانی آوازوں کو ہزاروں میلوں تک پہنچایا توٹیلی ویژن نے اس سے بڑھ کر کام کیا ، اس نے ایک قدم اور آگے بڑھایا۔ آپ ٹیلی ویژن میں انسانوں کو گفتگو کرتے اورمتحرک دیکھ سکتے ہیں۔
صدرِ محترم!
ہم ٹیلی ویژن میں انسانوں کو اپنی آواز میں ، ان کی اپنی شکل وصورت میں، ان کے اپنے رنگ ڈھنگ میں، ان کے اپنے طور طریقوں میں دیکھ سکتے ہیں، ٹیلی ویژن کی ایجاداس جدید دور میں ایک نعمت سے کم نہیں ہے۔ مختلف پروگرام پیش کرتا ہے۔ مختلف علاقوں کی ثقافت سے متعارف کرواتا ہے، مختلف علاقوں کے خوبصورت مناظر سے قاری کی قوت بصارت کوتقویت دینے کا سبب بنتا ہے،تفریح کے مواقع پیش کرتا ہے۔
معزز سامعین!
پاکستان میں ٹیلی ویژن کی ابتدا1964ء میں ہوئی ، ٹیلی ویژن کے ذر یعے تعلیم و تدریس میں آسانی پیدا کر دی گئی ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں جہاں ایسے ایسے ادارے بھی موجود ہیں کہ ان میں فرنیچر موجو نہیں ہے طلبا ء ٹاٹ پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ کئی ایسے ادارے ہیں کہ عمارت نہیں ہے ،لوگ کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، ٹیلی ویژن کے ذریعے اس کی کمی کو کسی حد تک دور کر دیا گیا ہے۔ ٹیلی ویژن پرعظیم اساتذہ عظیم ماحول میںتعلیم دے سکتے ہیں۔
صدرِذی وقار!
تعلیم کے میدان میں ٹیلی ویژن کا کردار بہت اہم ہے جس طرح ٹیلی ویژن پر سبق اچھی تیار کر کے پیش کیا جا تا ہے اس طرح عام کلاس میں سبق تیار کر کے نہیں پڑھایا جا تا، عام کلاس میں زیادہ سے زیادہ70 طلبا کو مستفیض کیا جا سکے گا۔ جبکہ ٹیلی ویژن پر لاکھوں طلباء اپنے گھر کے آنگن میں ، اپنی اقامت گاہ کے دامن میں، اپنے بستر استراحت پر بیٹھ کر زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو سکتے ہیں اورعلمی شعور سے مالا مال ہو سکتے ہیں۔
صدرِمحترم!
ٹیلی ویژن سے تعلیم و تدریس کا دائرہ کاروسیع تر کیا جاسکتا ہے۔ وہ ترقی پذیر ملک جہاں استادوں کی کمی ہو، جہاں سائنسی تجر بہ گاہوں کی کمی ہو، جہاں آپریشن تھیٹر کم ہوں ، جہاں زیرِ تربیت ڈاکٹروں کی مقدار زیادہ ہو، وہاں ٹیلی ویژن کی اہمیت سے صرف نظرنہیں کیا جاسکتا، ٹیلی ویژن کے ذریعہ ایک استاد اور تجربے اور سرجن ایک آپریشن کو اس انداز سے پیش کر سکتا ہے کہ اس سے لاکھوں ضرورت مند استفادہ کر سکتے ہیں۔
معزرسامعین!
ٹیلی ویژن ایک اہم ایجاد ہے، یہ ہر ایک کو اس کے ذوق کے مطابق تفریح مہیا کرتا ہے، ایسا ملک جہاں المیوں اور پریشانیوں کے بادل ہر وقت منڈلاتے رہتے ہوں، دہشت گردی ، مہنگائی، بے روزگاری ، رشوت ستانی، اقربا پروری، فریب دہی ، ڈاکہ زنی ، چوری کے المیوں کے عفریت نے ایک کسمپرسی کے شکار شخص کو اپنے جبڑوں اور خونی پنجوں میںلینے کا تہیہ کر رکھا ہو و ہاں کے افراد ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھ کر اپنے ذوق کے مطابق پروگرام دیکھ لیں تو یہ اس کے لیے نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہے۔
صدرِذی وقار!
ٹیلی ویژن پر معلوماتی پروگرام دیکھے جاسکتے ہیں، اس پر نعتوں کی سماعت کی جاسکتی ہے ،عظیم قاری کی آواز میں تلاوت کلام پاک سنی جا سکتی ہے، مذہبی ، اسلامی اور روحانی پروگرام کی سماعت کی جاسکتی ہے۔ ٹیلی ویژن پر اس شخص کی زیارت کی جاسکتی ہے جس کا عام حالت میں دیدار جوئے شیر لانے کے مترادف ہو، آج کل تو مختلف چینلوں پر زیارت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ بھی با قاعدہ کروائی جارہی ہے، کعبہ شریف کا طواف ،صفامروا کی سعی، مقام ابراہیم کے نفل، زم زم کا استعمال الغرض ہر چیز سے ٹیلی ویژن کے زر یعے ایک عام شخص مستفید ہورہا ہے۔ واقعی یہ ایک اہم ایجاد ہے اور انتہائی اہمیت کی حامل ہے کتنا ہی اچھا ہو کہ ارباب حل و عقد سے غیر اخلاقی پروگرام کو ختم کر کے اس کے حسن کو چار چاند لگا ئیں اور اس کو مزید مفید اور سود مند بنادیں۔

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...