Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

احترامِ آدمیت
ARI Id

1689956699836_56117629

Access

Open/Free Access

Pages

38

احترام آدمیت
اس کائنات ِرنگ و بو میں ہر چیز اپنی شناخت اور پہچان رکھتی ہے، اپنے وجود کے اظہار کے لیے اس کی کوئی نہ کوئی شناخت ہے سورج کی شناخت یہ ہے کہ وہ مشرق سے نکلتا ہے اور مغرب میں غروب ہو جاتا ہے، ستاروں کی شناخت یہ ہے کہ وہ رات کو آسمان پر درخشاں ہوتے ہیں۔ پہاڑوں کی شناخت اور پہچان یہ ہے کہ دور سے دکھائی دیتے ہیں اور بلندو بالا ہوتے ہیں۔ اسی طرح پھول کی پہچان ہے کہ وہ خوشبوفراہم کرتا ہے اور اپنے اردگرد کے ماحول کو معطر اور خوشبودار رکھتا ہے۔ اسی طرح مسلمان کی بھی ایک پہچان ہے وہ یہ کہ اس کے ہاتھ اور زبان سے دیگر مسلمان محفوظ رہتے ہیں۔ وہ کسی کو گزند نہیں پہنچا تا کسی کو تکلیف پہنچانا اس کو ناگوار گزرتا ہے۔ کسی کی پریشانی وہ اپنی پریشانی سمجھتا ہے۔ تو بس اس بات کا قائل ہوتا ہے کہ آدمی اور انسان کا احترام کیا جائے اور اس کے حفظ مراتب کا خیال رکھا جائے۔ قرآنِ پاک میں بھی انسان کے ساتھ حسنِ سلوک اور رواداری کی تلقین آئی ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
’’لوگوں کے ساتھ احسن طریقے سے گفتگو کر یں، حسن سلوک سے پیش آئیں ‘‘
اسلام کی جملہ تعلیمات احترامِ آدمیت کی تلقین کرتی ہیں نماز ایک ایسی عبادت ہے جس کو ہم دن میں پانچ مرتبہ ادا کرتے ہیں۔ اور اس میں بھی حکم ہے کہ جب مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے کوئی آئے خواہ وُہ لباس فاخرہ میں ملبوس ہو، خواہ وہ صاف مگر سادہ لباس زیب تن کئے ہوئے ہو۔ خواہ اس کا قد بڑا ہو، د بلا پتلا ہو یا لحیم شہیم ہو وہاں سب برابر ہیں۔ اور ایک ہی صف میں کھڑے ہوں گے امیر وغریب اور سرخ سفید کا فرق مٹ جائے گا اسلام تو احترام آدمی کا درس دیتا ہے۔
ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز !
نہ کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز
والدین کا ذکر آتا ہے تو حکم ہوتا ہے کہ والدین کا احترام کرو اور ان کے ساتھ بھلائی کے ساتھ پیش آئوان میں سے دونوں یا ایک عمر رسیدہ ہو جائے تو کسی کو بھی اُف تک نہ کہو۔ یہ آدمیّت کے احترام کی ایک بہترین صورت ہے۔ اس طرح مختلف احادیث پاک سے یہ بات ثابت ہے کہ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کے لیے ہمیشہ سلامتی کا طلبگار ہے اور سلامتی ہمیشہ اس کی طلب کی جاتی ہے جس کے ساتھ محبت ہو، پیار ہو، جس کا احترام دل کے اندر ہوحکم ربّانی ہے کہ تم آپس میں جب ملاقات کروتو ایک دوسرے پر سلام بھیجو اور کہو السلام علیکم اور دوسرا جواب میں کہے وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکاتہ‘ اور پھر احترام آدمیت کی یہاں تک انتہاء کر دی کہ فرمایا ایک مرتبہ نہیں اگر وُہ دونوں مسلمان دن میں بیس مرتبہ بھی آپس میں ملیں تو ایک دوسرے کو آپس میں سلام کریں اور پھر بات یہاں تک نہیں رہی بلکہ فر مایا کہ مرنے کے بعد تم میں سے جب کوئی قبرستان جائے تو ان پر لازم ہے کہ وہ وہاں جا کر کہے السلام علیکم یا اھل القبور’’ اے قبر والو!تم پر سلامتی ہو۔‘‘
اسلام ادب و احترام کا درس دیتا ہے۔ بڑے کے لیے ضروری ہے کہ وہ چھوٹے پر شفقت کرے، چھوٹے کے لیے یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ وہ بڑے کا احترام کرے، اس کے آگے نہ چلے، یہ احترام آدمیت نہیں تو اور کیا ہے۔ طالب علم اپنے اُستاد کا احترام کرتا ہے۔ مرید اپنے مرشد کا احترام کرتا ہے۔ چھوٹا اپنے بڑے کا احترام کرتا ہے۔ یعنی احترام کا سلسلہ جاری رہتا ہے حدیث پاک میں آتا ہے کہ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے اور ایک دوسرے کو اس طرح مضبوط کرتا ہے جس طرح ایک اینٹ دوسری اینٹ کو مضبوط کرتی ہے۔ اور مسلمان ہمیشہ اپنے بھائی کی موجودگی میں یا غیر موجودگی میں بھلائی ہی سوچتا رہتا ہے۔ اس طرح ایک اور مقام پر ارشاد رسالت مآبصلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم ہے کہ اگر کوئی شخص کسی وجہ سے کعبہ میں پھنس جائے اور نکلنے کی کوئی صورت نہ ہو تو کعبہ جیسی مقدس عمارت جس کے طواف کے لیے ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کا نام آتا ہے۔ جس سے محبت عالم اسلام کا ذرہ ذرہ کرتا ہے فرمایا اس کی دیوار توڑ دو اور اس میں پھنسے ہوئے شخص کو نکال لیں۔ آج ہم آئے دن جو پستی کی طرف جارہے ہیں وہ ایک دوسرے کے ساتھ حسد، بغض اور نفرت ہی کی بدولت ہے، ہمارے سلف صالحین نے بھی ہمیں یہ تعلیم دی ہے کہ اگر دینی اور دنیاوی طور پر سرخ رو ہونا ہے تو احترام آدمیّت کا خو گر ہونا پڑے گا۔ تعاون، معاونت ، مساعدت کو اپنا شعار بنانا پڑے گا۔ یہ وقت کا تقاضا بھی ہے اور جملہ اسلامی عبادات کی منشا بھی!
کرو مہربانی تم اہل زمیں پر
خدا مہرباں ہو گا عرشِ بریں پر

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...