Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

اچھے شہری کی ذمّہ داریاں
ARI Id

1689956699836_56117656

Access

Open/Free Access

Pages

101

اچھے شہری کی ذمہ داری
کائنات کے حسن کو دوبالا کرنے کے لیے جہاں ہر کس و ناکس اپنافریضہ ادا کر رہا ہے وہاں اچھے شہری کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو کائنات بنائی ہے اُس میں رہ کر اچھے شہری ہونے کا ثبوت دے اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی تمام پریشانیوں کا سد ّباب کرے۔ ایک اچھا شہری نہ صرف اپنی ذات کے بارے میں حسن ظن رکھتا ہے بلکہ وہ اپنے کردار سے، اپنی گفتار سے، اپنے طور و اطوار سے کوئی ایسی بات کا مرتکب نہیں ہوتا جس سے اس کے وجود سے نفرت کی جائے۔
اچھا شہری صرف وہی نہیں جوصبح اُٹھے سیر کو جائے اور پھر نماز ادا کرے اور تلاوت کلامِ پاک کرے اسی طرح وہ اپنی صبح نو کا آغاز کرے اور اس طرح خاموشی سے دن گزار دے، اچھا شہری تعلیمی ادارے کا سربراہ ہوسکتا ہے، اچھا مدرس ہوسکتا ہے، اچھا دوکاندار ہو سکتا ہے، اچھا سیاستدان ہوسکتا ہے، اچھا قانون دان ہوسکتا ہے، اچھا منصف ہوسکتا ہے ۔
اچھے شہری کی ہی ذمہ داری ہے کہ گھر کے اندر ، معاشرے کے اندر، خویش و اقارب کے اندر اگر کوئی برائی دیکھتا ہے تو وہ اس کا قلع قمع کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرے یہ اس کی ذمہ داری ہے اور دینی فریضہ بھی! حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم نے فرمایا کہ’’ مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دیگر مسلمان محفوظ رہیں ، ہرشخص جب تک اپنا تعمیرانہ کردار ادانہ کرے اپنی دھرتی کو بقعۂ نورنہیں بنا سکتا،اپنی اس زمین میں عقل و خرد، عدل و انصاف، اخوت و بھائی چارہ کی فضا پیدا نہیں کر سکتا۔
اچھے شہری کی ذمہ داریوں میں سے ایک ذمہ داری یہ بھی ہے کہ وہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر پرعمل پیرا ہو کر جہاں برائی دیکھے اس کو اپنے ہاتھ سے روکے اور اگر ہاتھ سے روکنے کی حالت میں نہیں ہے تو پھر وہ زبان سے منع کرے اور اگر زبان سے منع نہیں کر سکتا تو پھر اس کو دل سے بھی بُرا جانے اور یہ کمزور ایمان کی علامت ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کی یہ حدیث ِپاک ایک اچھے شہری کی اہم ذمہ داری بیان کر رہی ہے۔ اس طرح اگر ہرشخص اس حدیث پر عمل پیرا ہو جائے تو برائی کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ برائی کو بالکل ختم کیا جاسکتا ہے، اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا علاج ہوسکتا ہے۔
اچھے شہری کے لیے باکردار ہونا انتہائی ضروری ہے یہ نہیں کہ وہ دیگر حضرات کو تو نیکی کا حکم دیتا رہے اور خوداس پرعمل نہ کرے اس طرح اسکی کوشش رنگ نہ لائے گی۔ اس کے قول پرعمل نہیں کیا جائے گا۔ قرآنِ پاک میں ارشاد ِباری تعالیٰ ہے کہ تم دوسروں کو تو نیکی کا حکم دیتے ہو اور اپنے آپ کو بھول جاتے ہو، انسان کی تگ و دو اور جدوجہد اس وقت بار آور ثابت ہوسکتی ہے جب کہ خودذہنی طور پر تیار ہو اپنی کوشش کوعملی جامہ پہنانے کے لیے اخلاص کی دولت سے مالا مال ہو۔ اور بنی نوع انسان کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہو۔
ایک شخص جس میں قول وفعل کا تضاد نہ ہو، جس میں انانیت کی بو نہ آتی ہو، جس کی گفتار میں حق وصداقت کے پھول ہوں، جس کے لین دین میں اسلامی اصولوں کی پاسداری کی جاتی ہو، جو کرسی عدالت پر بیٹھے تو اچھا انصاف کرے، جوطبیب ہو تو اچھا مسیحا ثابت ہو، جو مجاہد ہو تو سرحدوں کی حفاظت کو اپنافریضہ گردانے، جو مبلغ ہو تو اپنی تبلیغ سے عوام النّاس کے دلوں پر حکومت کرے ، واعظ ہوتو وعظ ونصیحت سے معاشی اور معاشرتی برائیوں کو جڑ سے اکھیڑ پھینکے، مدرس ومعلم ہوتو اپنی تدریس سے طلباء کو معاشرے کا اہم رکن بنانے میں ممد و معاون ثابت ہو تو گویا وہ شخص اچھا شہری کہلانے کا حق دار ہے۔
بحیثیت مسلمان اچھے شہری کی ایک اہم ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام میں پورا پورا داخل ہو جائے۔ اسلام کے ابدی اصول اس کی شخصیت کی شناخت بن جائیں۔ اس کی پیشانی پرسجدوں کی وجہ سے پڑے ہوئے نشانوں میں حقیقت کا رنگ غالب ہو، اس کی جملہ عادات اسلامی نقطہ نظر کے مطابق ہوں، اس کا وجود دیگر حضرات کے لیے نعمت غیر مترقبہ ثابت ہو، اس کی حیات لوگوں کے لیے ایک انعام ہو، تو یہ علاقے کے لیے ایک حسن ہے، زیب و زینت ہے اور خوشحالی کا سبب ہے۔
پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے، ایک اچھے شہری ہونے کے ناطے ہرشخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے فریضہ پرعمل کرتے ہوئے ، کرپشن، اقربا پروری، ظلم و جبر، دھوکہ دہی ، فریب کاری ، نورا کشتی جیسی قبیح عادات سے معاشرے کو چھٹکارا دلائے اور یہ سب اچھے شہری کی ذمہ داریوں میں سے ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اچھا شہری بن کر اہم ذمہ داریوں کے نبھانے کے ساتھ ساتھ اچھا مسلمان بھی بنائے۔

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...