Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

صحت و صفائی
ARI Id

1689956699836_56117658

Access

Open/Free Access

Pages

105

صحت وصفائی
اسلام ایک پاکیزہ دین ہے۔ اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ دین ہے، یہ طہارت و نظافت کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اپنے پیروکاروں کو پاکیزگی اور صفائی کی بہت تلقین کرتا ہے، جو شخص صفائی اور نظافت کا خیال رکھتا ہے تو اللہ تعالیٰ اور اس کے محبوب کریم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم اسے از حد پسند کرتے ہیں اور ان کے نزدیک وُہ قابل تعریف ہے، اسلام جہاں قلبی و باطنی تعلیمات دیتا ہے وہاں ظاہری صفائی کے احکامات بھی جاری کرتا ہے۔
بے شک اللہ تعالیٰ بہت زیادہ توبہ کرنے والوں اور صاف ستھرا رہنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔(القرآن)
پاکیزگی اور صفائی ایمان کا حصہ ہے۔ (الحدیث)
اللہ تعالیٰ خوبصورت ہے اور خوبصورتی کو پسند فرماتا ہے ۔ (الحدیث)
جہاں تک خوبصورتی اور حسن و جمال کا تعلق ہے وہ بغیر صفائی کے کبھی پیدا نہیں ہو سکتی ، صفائی و صحت کا لفظ ظاہراً چند حروف کا مجموعہ ہے لیکن اس میں معانی و مفاہیم کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر موجود ہے۔ صحت و صفائی لازم وملزوم ہیں۔ صفائی صحت کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ مقولہ ہے کی صفائی ہے تو خدائی ہے۔ آج ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے جتنی صفائی کی ضرورت ہے کسی اور چیز کی نہیں ہے۔ انسان کی صحت درست ہوگی تو دماغ بھی درست ہوگا اور اگر صحت درست نہ ہوگی تو دماغ بھی درست سمت کا تعین نہیں کر سکے گا۔ جس ادارے میں صحت مند طلباء کی تعدادزیادہ ہوگی اس کے نتائج بھی دیدنی ہوںگے۔ روزانہ غسل، مسواک اور صاف ستھری وردی پہن کر آنے والا طالب علم پورا دن چاک و چوبند رہتا ہے۔ پورادن مستعد رہ کر اپنی پوری توجہ اسباق میں دیتا ہے، ہوم ورک با قاعدگی سے کرتا ہے، اس کی صحت معیاری ہوتی ہے، اس کا دماغ شاہین کا دماغ ہوتا ہے، الجبرا اور ریاضی کے دقیق کلیے اس کوعلم کے حصول میں آنیوالی مشکلات کا قطعا ًحصہ نہیں بنتے، منطق فلسفہ کی گتھیاں سلجھانے میں اسے کوئی دیر نہیں لگتی۔ اس کے علم الرغم چار پائی سے اُٹھ کر سیدھا سکول آنے والا طالبعلم، سارادن تساہل، کسلمندی، غفلت اور اکتاہٹ کا شکار رہتا ہے۔ اس کی صحت معیاری نہیں ہوتی، اس کا دماغ ضعف اور کمزوری کی بھینٹ چڑھ چکا ہوتا ہے۔ اس کے اعصاب مضمحل ہو چکے ہوتے ہیں۔ اس کی تعلیمی حالت کمزور ہوتی ہے اس کی توجہ اسباق پر قائم نہیں رہتی نتیجتاً وہ تعلیم سے باغی ہو جا تا ہے اور معاشرے کے لیے مرد بیمار کا نمونہ پیش کرتا ہے۔
صفائی ہو گی تو انسان کی صحت بہتر ہوگی صحت بہتر ہوگی تو وہ ملک و قوم کے لیے اپنی خدمات پیش کر سکے گا ور نہ وہ تو اپنے مسائل میں الجھارہے گا وہ ملک و قوم کی خدمت کے تصور سے نا آشنا ہوگا۔ اسلامی نقطہ نظر سے صفائی کا خیال انتہائی ضروری ہے ، عبادات کی ادائیگی کے لیے وضو کی فرضیت اسی لیے ہے کہ انسان معبودحقیقی کے سامنے سجدہ ریز ہونے سے پہلے اپنے آپ کو صاف ستھرا اور پاکیزہ بنالے۔ طبی نقطہ نظر سے بھی صفائی ناگزیر ہے جو گھر، محلہ، علاقہ، شہر صفائی کے تصور سے نابلد ہوتا ہے وہاں صاحبِ فراش حضرات کا فقدان نہیں ہوتا ہے۔ جس جگہ پر گندے پانی کے جوہڑ ہوں، غلاظت کے ڈھیرہوں، کوڑے کرکٹ کے انبار ہوں ، مچھروں نے جینا حرام کر رکھا ہو تو وہاں معدودے چند ہی صحتمند حضرات ہوں گے۔
ظاہری صفائی کے ساتھ ساتھ باطنی صفائی بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اگر کسی کا ظاہر پاک ہے اور باطن ناپاک تو وہ اس بوتل کی مانند ہے جس میں شراب ہو اور اوپر کسی مشرقی مشروب کا لیبل لگا ہو، صحت و صفائی سے مراد یہاں صرف جسم کی نہیں بلکہ روح کی صفائی بھی ہے۔ جسم صحتمند اور صاف ہولیکن روح بیمار اور اخلاقی بیماریوں کی وجہ سے مردہ ہو چکی ہوتو اہلِ بصیرت اس صحت کوصحت اور اس ستھراپن کو کبھی ستھرا پن نہیں سمجھتے ان کے نزدیک صحت و صفائی سے مراد روح اور جسم دونوں کی صحت و صفائی ہے۔ جسم کو صحتمند اور صاف ستھرا رکھنے کے لیے ظاہری اشیاء کی ضرورت ہے اسی طرح روح کی صفائی کے لیے نفرت، حسد، بغض، عداوت جیسی اخلاقی بیماریوں کو نکال باہر پھینکنا ہوگا۔ روح اور جسم دونوں صحتمند ہوں گے تو پھر زندگی کی گاڑی اپنی اصل اور حقیقی صورت میں رواں دواں ہو سکے گی۔ جن سلف صالحین نے اس دنیاوی زندگی میں کارہائے نمایاں سرانجام دیئے انہوں نے دونوں کی صحت اور صفائی کا خیال رکھا اور گلستانِ ہستی میں رنگا رنگ پھول کھلائے۔ معاشرے میں، قوم میں، ملت میں ملک میں انارکی ، خلفشاری، بے کلی اور بے سکونی کی فضاء کے خلاف نبردآزماہوئے۔
صفائی عجب چیز دنیا میں ہے
صفائی سے بڑھ کر نہیں کوئی شے

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...