Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

صبح کی سیر
ARI Id

1689956699836_56117659

Access

Open/Free Access

Pages

107

صبح کی سیر
اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ہر نعمت سے مستفید ہونے کے لیے بنی نوع انسان کو وافر مقدار میں مواقع فراہم فرمائے اور اسے یہ باور کرانے کی ترغیب دی کہ وہ زمین پر نکلے اور مظاہر فطرت کا بغور مشاہدہ کرے، دیکھے کہ شجر دحجر، بحرو بر ،کو ہ و دامن کا وجود کس طرح اللہ تعالیٰ کی موجودگی کا واضح ثبوت پیش کر رہا ہے۔ صبح کی سیر اگر چہ ظاہراً تو جسمانی صحت کو بحال رکھنے کے لیے ناگزیر ہے لیکن حقیقتاًیہ مظاہر فطرت سے بالمشافہ گفت و شنید کا نام ہے یہ جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ روحانی طور پربھی انسان کو پاکیزہ اور فعال بناتی ہے۔
صبح کی سیر سے انسان کا دل اور دماغ تروتازہ ہو جاتا ہے، کام کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے، طبیعت میں تساہل اور غفلت کی انگڑائیاں لیتے ہوئے جذبات کا فور ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ دماغی صلاحیت میں اضافہ ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ یہ نسیمِ صبح جب اٹھکیلیاں کرتی ہوئی قریب سے گزرتی ہے تو فہم و ادراک کے آنگن میں بہار آ جاتی ہے، نظریات و تصورات کا تفاوت ختم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ گراں خوابی کے دور سے پیدا ہونے والے زخم آفتاب کی مسیحائی کرنوں سے مُندمل ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
دلیل صبح روشن ہے ستاروں کی تنک تابی
افق سے آفتاب اُبھرا گیا دورِ گراں خوابی
صبح کا وقت سہانا ہوتا ہے، شب کے بحرِ ظلمات میں ہچکولے کھاتی ہوئی نائو اُجالے کے ناخدائوں کے طفیل سنبھلنا شروع ہو جاتی ہے۔ صبح کا منظر پہاڑوں کی فلک بوس چوٹیوں پر ہو، دریاؤں اور سمندروں کی خونی موجوں اور لہروں پر ہو، چٹیل میدانوں پر ہو، کھیتوں اور کھلیانوں پر ہو، ہمیشہ بھلاہی نظر آتا ہے۔صبح کی سیر چھوٹے قد کا شخص کرے، یا طویل القامت جسامت والا کرے، دبلا پتلا کرے یا لحیم شحیم یہ ہر ایک پراپنے صحت افزاء اثرات مرتب کرتی ہے۔ اس کی صحت بخش اور پر تاثیر فضاء سے کوئی ذی روح محروم نہیں رہتا ہر ایک اپنا اپنا حصہ بقدر جُثّہ وصول کرتا ہے۔
صبح کی تازہ ہواجب جسم و جان میں سرایت کرتی ہے تو اعضائے جسمانی کا اضمحلال ختم ہو جاتا ہے۔ قویٰ مضبوط سے مضبوط تر ہو جاتے ہیں ، اللہ تعالیٰ کے اس انمول انعام سے مستفید ہونے والے حیوان ناطق کا جسم خلعتِ فاخرہ زیب تن کرتا ہے ، نسیمِ صبح کے حیات بخش جھونکے عروق مردہ کو حیات نو بخشنے کا سبب بنتے ہیں، صبح کی سیر کا عادی شخص جملہ امور ہائے زندگی کی انجام دہی میں ہمیشہ چست و چالاک اور مستعد رہتا ہے ،غفلت ،تساہل ، کسلمندی جیسے الفاظ سے اس کی ڈائری کے اوراق نا آشنا ہوتے ہیں۔
صبح کی سیرارادی ہو یا غیر ارادی ہمیشہ سودمند رہتی ہے۔ صبح کی سیر بالعموم ہرشخص کے لیے اور بالخصوص ایک طالب علم کے لئے نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہے۔ صبح کی سیر کے عادی طالب علم اور غفلت و لا پرواہ طالب علم میں بُعد المشرقین ہوتا ہے، چست و چالاک طالب علم ہمیشہ اپنی جماعت میں اپنے ادارہ میں، اپنے اساتذہ میں اپنی قابلیت کا لوہا منواتا ہے، فزکس و کیمسٹری الجبرا اور ریاضی کے گنجلک اور پیچید ہ قوانین بھی اس کی راہ میں سد سکندری ثابت نہیں ہوتے۔ جبکہ لا پروا ، غافل اور دیر تک سونے کے متوالے طالب علم پر پورا دن مُردنی چھائی رہتی ہے۔ اور اس طرح وہ تعلیمی میدان میں کوئی قابل ذکر کردار ادانہیں کرسکتا۔
٭٭٭٭٭٭٭

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...