Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

ایٹمی توانائی کا پُر امن استعمال
ARI Id

1689956699836_56117660

Access

Open/Free Access

Pages

109

ایٹمی توانائی کا پرامن استعمال
آنکھ جو کچھ دیکھتی ہے لب پہ آ سکتا نہیں
محو حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہو جائے گی
ہماراوطن عزیز پاکستان بھی ایک ترقی پذیر ملک ہے۔ اسے اپنی تعمیر وترقی کے لیے مختلف ذرائع و وسائل سے کام لینا چا ہیے۔ ہمارے مشہور وسائل قوت، معدنی تیل، قدرتی گیس، برقی طاقت اور بائیوگیس وغیرہ ہیں۔ شمسی توانائی بھی ایک وسیلہ قوت ہے لیکن اس سلسلے میں ابھی تک کوئی قابل قدر پیش رفت نہیں ہوئی ۔تعمیر وترقی کے میدان میں ہماری ضروریات اس قدر وسیع اور لامحدود ہیں کہ موجودہ وسائل اور ذرائع قطعاً نا کافی ہیں۔ اس لیے ہمیں لامحالہ ایٹمی توانائی کے حصول اور پھر اس کے پرامن استعمال پر اپنی مساعی اور کوششوں کو مرکوز کرنا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور پیہم روز افزوں ضروریات کے پیش نظر اگر ہم نے اس شعبے میں غفلت اور کوتاہی سے کام لیا تو ہماری تعمیر وترقی کا تمام تر نظام اور پروگرام درہم برہم ہو کر رہ جائے گا۔
اپنی توانائی کے حصول کے بعد اس سے ایٹمی دھما کہ مطمع نظر نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا پر امن استعمال پیش نظرر ہے۔ اس سے منشاء اور مراد ہو کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں استحکام اور فروغ ہوتا کہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکیں اور عوام کو پر مسرت زندگی کی ساعتیں دے سکیں۔
ایٹمی ٹیکنالونی میں پیش قدمی کا صنعت و زراعت پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ ایٹمی پیش رفت نے الیکٹرانک انڈسٹری پر خوشگوار اثر ڈالا ہے اور بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ تعلیم کے میدان میں بھی کافی ترقی ہوئی ہے۔ ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال سے ہم اپنے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں عظیم انقلاب برپا کر سکتے ہیں مثال کے طور پر ہم تکنیک استعمال کر کے زرعی پیداوار میں دس گنا اضافہ کر سکتے ہیں۔ پاکستانی سائنسدانوں نے چاولوں کی ایک نئی قسم کشمیر باسمتی تیار کی ہے اور اس سے آزادکشمیر ، سوات اور پہاڑی علاقوں کے حالات یکسر بدل گئے ہیں۔ اب وہاں تین چار ہفتے پہلے ہی فصل تیار ہو جاتی ہے اور سردیوں کے مضر اثرات سے محفوظ رہتی ہے۔
ایٹمی توانائی کا اگر پُرامن استعمال ہوتو کئی دیگر فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ ایٹمی شعاؤں کے ذریعے زرعی اجناس کو دیر تک ٹھیک حالت میں رکھا جاتا ہے۔ آلو اور گندم کو ڈیڑھ دو سال تک خراب ہونے سے بچایا جا سکتاہے۔ ہماری فصلوں کی 20 فیصد پیداوار کیڑے مکوڑے کھاجاتے ہیں۔ اگر سٹوریج میں ایٹمی شعائیں استعمال کر لی جائیں تو ہم بڑے نقصان سے محفوظ ہو جائیں گے۔
ایٹمی توانائی کا وسیع تر بنیادوں پر حصول ہمارے لیے اشد ضروری ہے۔ ورنہ ہم کبھی بھی تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کر سکتے۔ ہمارے ملک میں پسماندہ طبقہ بھی موجود ہے اور خوشحال لوگ بھی موجود ہیں۔کسمپرسی سے دوچار عوام جو فقر و فاقہ کی زندگی گزاررہے ہیں وُہ شکل وصورت میں خوشحال طبقہ کے مساوی ہیں لیکن صرف بھوک اور غربت کے دیو نے ان کے قویٰ کو مضمحل کر رکھا ہے۔ ان کے شب وروز تنگدستی کے عالم میں بسرہورہے ہوں تو ان کے لیے بہتر سوچ رکھنے والا ہرشخص نعمتِ عظمیٰ سے کم نہیں۔ اور اس وقت اس قسم کی خالص فکر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم اپنے وسائل اس حد تک بڑھائیں کہ ہماری عوام خوشحال ہو اور خوش وخرم زندگی بسر کرے۔ ناکہ ہم ایٹمی توانائی کے حصول کے بعد ایٹمی دھماکے کا سوچیں یہ ہماری سوچ کی غلط سمت ہوگی۔
ایٹمی توانائی کی دولت سے اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں مالا مال کیا ہوا ہے، ہمارا شمار ایٹمی دولت کے ممالک میں ہونے لگا ہے تو یہ خدا کا شکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس نعمت غیر مترقبہ سے نوازا ہے۔ لیکن ارشاد ِباری تعالیٰ ہے کہ’’ اگر تم شکر کرو گے تو میں تمھیں مزید نعمتیں دوں گا اور اگر کفرانِ نعمت کرو گے تو میں نعمتیں بھی واپس لے لوں گا اور میرا عذاب بھی سخت ہے‘‘ تو ہم اس عظیم نعمت کا شکرانہ اس طرح کر سکتے ہیں کہ اس کا استعمال پرا من کر یں اور اپنی صنعتی اور اقتصادی ترقی کے لیے اس کے جملہ ذرائع بروئے کار لائیں نہ کہ انسانیت کے قتل اور خاتمے کے لیے استعمال کریں۔ ایٹمی توانائی کا پر امن استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آج اگر ہم دیگر اقوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہتے ہیں۔ تنگدستی کا زوال چاہتے ہیں فراوانی کا عروج چاہتے ہیں۔ کھیتوں کو لہلہاتا دیکھنا چاہتے ہیں ، گلستانوں کو معطر اور سرسبز و شاداب دیکھنے کے آرزو مند ہیں۔ غیرممالک کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کر ناچاہتے ہیں، ضعیف کو توانا اور صحتمند دیکھنا چاہتے ہیں ،غریب و بے کس کو دولت مند د یکھنا چاہتے ہیں تو ایٹمی توانائی کا استعمال پرامن طور پر کرنا ہو گا۔

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...