Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

نظم و ضبط
ARI Id

1689956699836_56117670

Access

Open/Free Access

Pages

132

نظم وضبط
تنظیم بڑی چیز ہے اے اہلِ گلستاں
بکھرے ہوئے تنکوں کو نشیمن نہیں کہتے
کائنات جن اٹل اصولوں پر چل رہی ہے ان میں زیادہ اہم قانون نظم و ضبط کا ہے۔ کائنات کی لامتناہی اور بے کراں وسعتوں میں کوئی معمولی سی شے یا کوئی حقیر ساذرّہ بھی اس اصول سے مستثنیٰ نہیں ، نظام ِقدرت کے تحت مختلف مخلوقات کو جو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں وہ انہیں بطریقہ احسن انجام دے رہی ہیں۔ نظامِ شمسی کے اندر مختلف ستاروں اور سیاروں کی حرکت اور گردش کا جو قانون خالقِ کائنات نے مقرر کیا ہے۔ اس پر صحیح طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ زمین اپنے مقررہ ضابطے کے تحت محو گردش ہے۔ اسی طرح فضاؤں ، بادلوں کا سفر، در یائوں اور نالوں کی روانی، طغیانی، پہاڑوں کی آتش فشانی اور سمندر کے مدّو جزر وغیرہ کے جواصول اس حکیم مطلق نے مقرر کیے ہیں یہ سب چیزیں انہی قوانین کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
قدرت کا تکوینی نظام (جونظم و ضبط کی بنیاد پر قائم ہے) انسان کی نظم و ضبط کی اہمیت کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی دعوت دے رہا ہے۔ کائنات کی مختلف اشیاء ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی بہر حال نقصان دہ ہے۔ پانی کی مثال ہی لیجئے اگر پانی کی روانی کے لیے شہر کی حدود مقرر نہ کر دی جائیں تو وہ کناروں کو توڑ کر اِدھر اُدھر پھیل کر تباہی مچادیتا ہے۔ لہذا اسے نظم وضبط کے حصار میں رکھنا انتہائی ضروری ہے اگر ہم غور کریں تو یہ بات سمجھ لینا کچھ مشکل نہیں کہ نظم و ضبط اپنانے ہی سے سکھ اور سکون حاصل ہوتا ہے۔
دہر میں عیش دوام آئیں کی پابندی سے ہے
موج کی آزادیاں سامانِ شیون ہو گئیں
نظم وضبط اچھی زندگی گزارنے کی بنیادی شرط ہے اس لیے اسلام نے اس اصول کی پابندی پر بڑا زور دیا ہے۔
٭ تمام مسلمان اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور آپس میں اختلاف نہ کریں۔ (القرآن)
٭ بلاشبہ وہ لوگ خدا کے محبوب ہیں جو اللہ تعالی کی راہ میں استقلال کے ساتھ صف باندھے لڑتے رہتے ہیں گویاوہ سیسہ پگھلائی ہوئی دیوار ہیں۔ (القرآن)رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلمنے فرمایا کہ نظامِ حکوت چلانے والے امیر کی اطاعت کرو خواہ وہ نکٹاحبشی ہی کیوں نہ ہو۔ (الحدیث)
اسلام کے تمام احکام میں نظم و ضبط کی روح کارفرما ہے، اسلام اپنے پیروکاروں سے زندگی کے عام معمولات میں بھی نظم و ضبط کے اس مظاہرے کا مطالبہ کرتا ہے مسلمان کی تاریخ بتاتی ہے کہ جب تک انہوں نے اپنے آپ کو منظم ومتحد رکھا ساری دنیا ان کے سامنے سرنگوں رہی لیکن جب اِن کے اندر انتشار، افراتفری اور افتفراق پیدا ہوا تو ان کی حیثیت اور وقعت ختم ہو کر رہ گئی۔ اس وقت جو قومیں دنیا کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہیں۔ قومی اعتبار سے ان کے اندر زبردست نظم وضبط موجود ہے۔ یہودی دنیا کا زیادہ ذلیل اور منتشر گروہ تھا مگر انہوں نے اپنے آپ کو منظم کیا اور اپنی قومی ریاست ’’اسرائیل‘‘ قائم کر لی۔ آج عربوں کے مقابلے میں اسرائیلوں کی برتری کا ایک بنیادی سبب یہ ہے کہ یہودی منظم ہیں اور عرب منتشر ہیں۔
نظم و ضبط کی اہمیت کا انداز ہ ہم اپنی معاشرتی زندگی پر ایک سرسری نظر ڈالنے سے بھی کر سکتے ہیں فوج کی تمام قوت کاراز نظم و ضبط میں ہے جس فوج کا نظم وضبط کمزور ہو جائے وہ اپنی عددی برتری اور اسلحے کی فراوانی کے باوجود دشمن کے مقابلے میں نہیں ٹھہر سکتی۔ جنگ ِاُحد میں رسول خد ا صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلمنے مسلمان مجاہدوں کے ایک گروہ کو ایک دُرّے پر متعین کیا تھا مگر انہوں نے نظم و ضبط میں سستی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں مسلمانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ آج ہمیں نظم و ضبط کے فقدان کے سبب ہی قومی سطح پر بے شمار مشکلات و مصائب اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے قوم کو جن تین اصولوں (تنظیم، اتحاد، یقین محکم ) کی تلقین کی تھی۔ ان میں اوّلین اصول’’ تنظیم ‘‘ہے۔
نظم وضبط کی عادت اپنانا، نظم وضبط کے تحت اپنے اوقات کار کا تعیّن کرنا، نظم وضبط کے تحت زندگی گزارنے کا شیوہ بنانا ہماری ذاتی سلامتی، اور ہمارے ملک کی سلامتی کا ایک ناگزیر تقاضا بھی ہے۔ جنگ اور قومی زندگی کے دوسرے نازک مواقع پرڈسپلن کا فقدان ہمیں ہلاکت اور تباہی سے دوچار کر سکتا ہے۔
حشرات الارض اور مورومگس کا قطار کے اندر چلنا، آسمان کی بلندیوں پر طائران خوشنوا کی اجتماعی پرواز، اونٹوں کی بغیر حدی خواں کے لمبی لمبی قطار یں ہمیں یہ درس دے رہی ہیں کہ نظم وضبط زندگی میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
بے شُبہ ناکام اس دنیا میں جو انسان ہے
لامحالہ اس میں نظم و ضبط کا فقدان ہے

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...