Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

کتاب بہترین دوست
ARI Id

1689956699836_56117672

Access

Open/Free Access

Pages

137

کتاب بہترین دوست
کتاب ایک بہترین دوست ہے، دوست سے کبھی کبھار دھوکے اور فریب کاری کا امکان رہتا ہے لیکن کتاب کی دوستی سے اس قسم کے امکان کا شائبہ تک نہیں رہتا۔ کیونکہ جو خلوص اور محبت اس نے فراہم کرنی ہے اس میں کسی موقع پر جا کر تبدیلی کی گنجائش یا کمی نہ ہوگی۔ کتاب کی رفاقت ایک ایسی ہم نشینی ہے کہ جو اپنے رفیق کو کبھی خلوت کا شکار نہیں ہونے دے گی۔ یہ اپنے ہم نشین کے دل میں خلوتوں اور تنہائیوں کی وحشت کوختم کر کے محبت و مودت کے شگوفے کھلاتی ہے۔ کتاب کے مطالعہ سے تاریخ عالم لکھنے کا موقع ملتا ہے۔ قوموں کے عروج و زوال سے شناسائی ہوتی ہے۔ قوموں کی معاشی ، روحانی ، اقتصادی اور سیاسی حیات کے خدوخال سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔
تاریخ اسلام اس بات پر شاہد ہے کہ مسلمان کو کتب بینی و مطالعہ میں ہمیشہ ایک امتیازی حیثیت حاصل رہی ہے، اہل اسلام ہمیشہ کتابوں سے محبت کرتے آئے ہیں ، دسمبر کی زمستانی ہوائیں ہوں یا جون کی تڑپادینے والی دھوپ، وقت عصر ہو یا رات کا پچھلا پہر،تدریسی اسباق کی تیاری ہو یا سفر آخرت کی تیاری، کتب ہائے خیر سے ذی شعور اور ذی فہم و فراست افراد کی دوستی مثالی رہی ہے۔ کتاب سے دوستی مرادعلم دوستی ہوتی ہے او ر علم دوست انسان گلستانِ ہستی کے رنگا رنگ پھول ، صحت مند معاشرے کے ماتھے کا جھومر، بیمار انسانیت کے مسیحا، مرغِ بسمل کی طرح تڑپنے والے لوگوں کے لیے رافت و رحمت اور جہالت کے بحر بیکراں میں ہچکولے کھاتی ہوئی ناؤ کے ناخدا ہوتے ہیں۔
کتاب سے دوستی جینے کا ڈھنگ سکھاتی ہے۔ کتاب سے دوستی قوموں کی زندگی کے نشیب و فراز سے آگاہی کرتی ہے۔ ایک اچھی کتاب انسان کی مشکلات میں اس کی مدد کرتی ہے اور پریشانیوں میں اس کی دلداری کا سامان بہم پہنچاتی ہے، افکار و آلام کے ہجوم میں کتاب انسان کے ذہنی سکون اور تفریح طبع کا بہترین ذریعہ ہے۔ معروف انگریز مصنف سمرسٹ باہم کا خیال ہے کہ مطالعہ کی عادت اختیار کر لینے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے گویادنیا جہان کے دکھوں سے بچنے کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ تیار کرلی ہے۔
کتب بینی کا خوگر علم دوست بھی ہوسکتا ہے۔ کتب بینی سے قاری کی گود علم و معرفت کے خزانوں سے بھر جاتی ہے۔ اس کا دامن دانش و آگہی کے آب زلال سے تر ہو جاتا ہے، اس کی دوستی اسے ابدی زندگی بخشتی ہے۔ بہترین کتاب آخرت کی تیاری میں ممد و معاون ثابت ہوتی ہے۔ کتاب کا مطالعہ کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مطالعہ کا مشغلہ انسان کے لیے نفاست، نظافت ، لیاقت اور عبادت کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ مطالعہ کا عادی شخص کئی خباثتوں سے محفوظ رہتا ہے۔
کتب بینی ذہنی تسکین کے علاوہ انسانی قلب و دماغ کو بھی منور کرتی ہے، کتابیں ہمیں بصیرت عطا کرتی ہیں، خیالات میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔ علم میں اضافہ ہوتا ہے عقل و دانش کی تکمیل ہوتی ہے، اصلاح اخلاق ہوتی ہے۔ کتاب ایک ایسی معلم ہے جوبلا معاوضہ اور بلاخوف وخطر انسان کوتعلیم دے کر اس کے ذہنی افق کو روشن اور وسیع کرتی ہے جس کسی نے کتاب سے دوستی کی کتاب نے اس کا حق ادا کر دیا۔ ابنِ خلدون نے کتاب سے دوستی کر کے مقدمہ ابنِ خلدون تصنیف کی ، حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ ، محی الدین ابنِ عربی ، داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ، شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ جیسے سلف صالحین نے کتابوں سے ناطہ جوڑا تو پھر اللہ تعالیٰ نے ایسے مقام اور مراتب و دیعت فرمائے کہ یہ نابغۂ روزگار ہستیاں آسمان علم و دانش پر آفتاب و ماہتاب بن کر چمکیں۔ کتاب فی الحقیقت ایک بہترین دوست ہے بشرطیکہ معیاری ہو۔
ہم نشینی اگر کتاب سے ہو
اس سے بہتر کوئی رفیق نہیں

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...