Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

آبی وسائل کی اہمیّت
ARI Id

1689956699836_56117693

Access

Open/Free Access

Pages

184

آبی وسائل کی اہمیت
آب سے مراد پانی ہے اور پانی زندگی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اگر اس کا وجود عنقا ء ہو جائے تو زیست و حیات بھی نہ رہے اور یہ زندگی کی نائو بحرِ ظلمات میں ہچکولے کھانا شروع کر دے۔ پانی عناصر اربعہ میں سے اہم جزوہے۔
قرآنِ پاک میں ارشاد ِباری تعالیٰ ہے کہ’’ ہم نے ہر زندہ چیز کو پانی سے پیدا فرمایا‘‘ پانی کی اہمیت اس سے مترشحّ ہورہی ہے۔ ہمارے ہاں آبی وسائل کی اہمیت بہت زیادہ ہے ہماری معیشت کا زیادہ سے زیادہ دارومدارآبی وسائل پر ہے۔ آبی وسائل میں سب سے اہم وسیلہ اور ذریعہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے جو بارش کی صورت میں ہم پر نازل ہوتی ہے۔ اس کے بعد پھر گلیشیر بنتے ہیں، پھر وہاں سے دریا، بحر، بحیرے، ندی نالے ، نہریں اور سمندر وجود میں آتے ہیں ، تالاب، جھیلیں، ٹیوب ویل یہ سب آبی وسائل ہیں۔ پانی کی اہمیت مزید اس بات سے واضح ہورہی ہے کہ زمین پر تین حصے پانی ہے اور ایک حصہ مٹی ہے۔
ہمارا نہری نظام دنیا کا سب سے بڑا نہری نظام ہے، پانی کی اہمیت تسلیم کرنے میں صرف مسلمان ہی نہیں ہیں بلکہ دنیا کا ہر مذہب ، ہرمسلک، ہر قوم، ہر معاشرہ اور تمام ممالک اس بات کے معترف ہیں کہ پانی انسانی زندگی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ پانی کا استعمال صرف پینے کی حد تک نہیں ہے بلکہ کم وبیش دنیا کی اکثر اشیاء کا وجود میں آنا ناممکن ہوجائے اور زندگی محال ہو جائے اگر پانی نہ ہو۔
آبی وسائل میں سب سے اہم ذریعہ نہروں کا ہے، چونکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے بارش کا نزول ہوتا ہے تو وہ گلیشیر کی صورت میں پانی کے قطرے جم جاتے ہیں اور پھر تپش سے اور موسم گرما میں گرمی کی حدت سے پگھل کر ندی نالوں اور نہروں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ ہمارے ہاں نہری نظام کھیتی باڑی میں اور زراعت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ہمارے ہاں کشت زعفران کا نمونہ پیش کرنے والے لہلہاتے کھیت سرسبز و شاداب فصلیں، گلہائے رنگارنگ، خس و خاشاک سے پاک سبزہ، سروقد شجر، چشموں کے ساتھ لٹکے ہوئے حجر، کسان کے چہرے پر تازگی ، مزدور کے چہرے پررونق ،مریض کے چہرے کی بشاشت سب انہی آبی وسائل کی مرہون منت ہے۔
پانی کی اہمیت کا اندازہ لگانا ہے تو ان ممالک سے پوچھیں جو سمندر کے کناروں پر موجود ہیں، ہزاروں بلکہ لاکھوں مزدور شعبہ ماہی گیری سے وابستہ ہیں اور اس پیشے سے منسلک ہو کر اپنے اہل وعیال کا پیٹ بھر رہے ہیں ، پھر یہ وسائل ذرائع آمدورفت کا بڑا اہم ذریعہ ہیں، بحری جہازوں کے ذریعے سامان در آمد و برآمد کیا جا تا ہے اور زر مبادلہ کمایاجاتا ہے۔ ہمارے ذہن میں یہ بات جاتی ہے کہ پانی صرف پینے اور پیاس بجھانے کی صورت میں ہی نافع ہے اس کا کوئی اور فنکشن نہیں ہے یہ ہماری خام خیالی ہے۔ جدیدتحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پانی اگر چہ روئے زمین پر تین حصے ہے لیکن اس کے باوجود صرف 2 فیصد پینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ کا ہم پر کتنا فضل و کرم ہے کہ مہنگائی کے دور میں بھی پانی جیسی عظیم نعمت ہمیں وافر مقدار میں دستیاب ہے اگر چہ ہمارے ارباب حل و عقد کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے بعض مقامات پر ہم صاف پانی سے محروم ہیں اور لوگ پانی کے استعمال کے لیے میلوں کی مسافت طے کر کے پانی لے کر گھر پہنچتے ہیں۔
پانی کی اس لازوال نعمت سے نہ صرف بنی نوع انسان فائدہ اٹھاتا ہے بلکہ آبی جانور بھی مستفید ہوتے ہیں۔ پانی جب بارش کی صورت میں برستا ہے اور محوپرواز طائر خوش نواجب اپنی چونچ کارخ آسمان سے برسنے والی بارش کی طرف کرتا ہے اور پھر بارش کا آلودگی سے پاک قطرہ اس رفع منقار کرنے والے طائر خوش نواء کی چونچ میں پڑتا ہے اور اس کے جسم و جان سے اللہ کا ذکر شروع ہو جاتا ہے تو پوری فضا اس مسحور کن ماحول کا مرکز بن جاتی ہے۔ بارش سے شجر وحجر، پر موجود گردصاف ہو جاتی ہے اور ماحول نکھر کر سامنے آجاتا ہے۔ بارش کے بعد تالابوں ، جوہڑوں ، ندی نالوں پر قوسِ قزح کی موجودگی میں طویل ٹانگوں اور لمبی گردنوں والے آبی پرندے بارش کا پانی پیتے ہوئے ایک عجیب منظر پیش کرتے ہیں۔
آبی وسائل خواہ بارش ہو، گلیشیر ہوں، نہریں ہوں، دریا ہوں، سمندر ہوں ، جھیلیں ہوں، سب انسانی ضروریات کے لیے جزو لاینفک ہیں اور کوئی ملک خواہ کتنا ہی خوشحال کیوں نہ ہو ان کی اہمیت سے انکاری نہیں ہوسکتا۔ چہ جائیکہ ہمارے ملک جیسا ترقی پذیر ملک۔
٭٭٭٭٭٭٭

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...