Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

تندرستی ہزار نعمت ہے
ARI Id

1689956699836_56117697

Access

Open/Free Access

Pages

194

تندرستی ہزار نعمت ہے
اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کی تخلیق فرمائی تو اس کو بے شمار نعمتوں سے سرفراز فرمایا۔ دیکھنے کے لیے آنکھیں، سننے کے لیے کان، بولنے کے لیے زبان، چکھنے کے لیے قوت ذائقہ، سونگھنے کے لیے قوت، چلنے کے لیے قوت، سوچنے کے لیے قوت، غور وفکر کے لیے قوت یعنی انسان کوقوائے جسمانی کی صورت میں انعاماتِ ربانی وافر مقدار میں میسر آئے۔
قرآنِ پاک میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شمار کرنا چاہو تو تم ان کو گنتی میں نہیں لا سکتے ہو، ان بے شمار نعمتوں کا درود بنی نوع انسان کے لیے ہوا ہے اور انسان وہ ہے جو جسم اور روح کا مرکب ہے اگر انسان صحت مند ہے تو یہ جملہ انعامات ِربانی اس کے لیے نعمت غیر مترقبہ ہیں اور اگر مرد بیمار ہے تو وہ ہر نعمت سے بیگانہ ہے، ہر نعمت اس کے لیے غیر مفید ہے، ہر نعمت اس کے لیے نعمت نہیں بلکہ زحمت ہے، ہر نعمت کا وجود اس کے لیے غیرمحمود ہے۔
انسان گلستانِ سرسبز میں گلہائے رنگارنگ کے حسین و جمیل مناظر سے متمتع ہوسکتا ہے لیکن چشمائے انسانی میں بینائی شرط ہے، انسان کوئل کی مسحور کن آواز سے، قاری قرآن کی تلاوت سے، خطیب ممبر رسول صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کی خوش الحانی سے، واعظ شیر یںلسان کی شعلہ بیانی سے کما حقہٗ فائدہ اٹھا سکتا ہے بشرطیکہ قوت سماعت جوبن پر ہو، اعضائے جسمانی کی سا لمیت تکمیل انسانیت کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
صحت مند انسان معاشرے کا اہم رکن ہوتا ہے۔ گھر کے لیے ، خاندان کے لیے اس کا وجودکسی نعمت سے کم نہیں ہوتا، اس کی نشست و برخاست معیاری ہوتی ہے، وہ حسن وزیبائش کا مرقع ہوتا ہے، وہ انسانیت کے ماتھے کا جھومر ہوتا ہے، وہ بصارت کے ساتھ ساتھ صاحبِ بصیرت بھی ہوتا ہے، وہ صحت مند جسم کے ساتھ ساتھ صحت مند دماغ کا بھی مالک ہوتاہے، اس کی سوچ مثبت ہوتی ہے، اس کے خیالات و نظریات تعمیری ہوتے ہیں، اس کے جذبات ہیجانیت سے معرا ہوتے ہیں۔
حُسنِ صحت کی دولت سے مالا مال شخص جب کھیت و کھلیان میں قدم رکھتا ہے تو اس کے کھیت کشت زعفران کا نمونہ پیش کرتے ہیں، اگر وہ سرحدوں پر مامور ہوتا ہے تو لوگ خواب خرگوش کے مزے لیتے ہیں، اگر فضائی مسافروں کا قائد اور رہنما ہوتا ہے تو اس کی اڑان میں استحکام اور استقرار ہوتا ہے۔ یہ سب کس لیے ہے یہ صرف اور صرف اسی لیے ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسے تندرستی کی لازوال دولت سے مالا مال کیا ہواہے۔ اس کو صحت و توانائی کی رنگینیاں میسر ہیں۔ اس کے آنگن میں حسن صحت نے بیماری، لاچاری اور لاغر پن کی تاریکیوں کو یکسر ختم کر دیا ہے اور گھر کا ہر کونہ کھد را امن و عافیت کے قمقموں سے منور ومستنیر ہے۔
حدیث پاک میں ارشاد رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم ہے کہ’’ العقل السلیم فی الجسم السلیم‘‘ کے صحت مند جسم میں ہی صحت مند دماغ ہوتا ہے۔ جسم کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لیے صحت مند عادات اپنانا ہوں گی۔ رات تا دیر جاگتے رہنے سے پرہیز کرنا ہوگا، صبح جلدی اٹھنا اپنی عادت بنانا ہو گا ، روزانہ غسل اور مسواک پرعمل کو یقینی بنانا ہو گا۔ ناخن کا ٹنا، بال تراشنا، کپڑوں اور جسم کی صفائی جہاں جسمانی طور پر انسان کو مضبوط بناتی ہے وہاں اس کے ظاہری حسن میں بھی رنگ بھر دیتی ہے۔ کتنا خوش قسمت ہے وہ انسان جو جسمانی صحت کے ساتھ روحانی طور پر بھی مثالی صحت کا مالک ہوتا ہے، جس کا ظاہر باطن ایک ہوتا ہے، جس میں منافقت کی متعفن بُوکلیتاًمفقود ہوتی ہے، جس میں رشوت ستانی، اقربا پروری تعصب، بے راہ روی، جھوٹ فریب دھو کا جیسی قبیح صفات عنقا ہوتی ہیں۔ اس کی صحت مثالی ہوتی ہے۔ وہ آستین کا سانپ نہیں ہوتا، اس پر انسانیت ناز کرتی ہے۔
تندرستی اور صحت جس چیز میں ہواس کومنفرد کر دیتی ہے، اس کے حسن کو نکھار کر دیتی ہے، اس کی زندگی میں راحتیں اور مسرت آتی ہیں ، کا ئنات کی جملہ رنگینیاں، ہم قسم رعنائیاں صحت اور تندرستی کی بدولت ہیں۔ تندرست انسان جہان ِرنگ و بو سے مستفید ہو سکتا ہے۔غالب نے سچ کہا ہے کہ تندرستی ہزار نعمت ہے۔
تنگدستی اگر نہ ہو سالکؔ
تندرستی ہزار نعمت ہے

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...