Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

پاکستان میری جنّت
ARI Id

1689956699836_56117698

Access

Open/Free Access

Pages

196

پاکستان میری جنت
جنت کے معنی باغ بھی ہیں ، بہشت کے لیے بھی جنت کا لفظ بولا جاتا ہے۔ جنت کا تصور جب ذہن کے در یچوں پر دستک دیتا ہے تو قلب و اذہان میں اس صحت افزا تخیل کے باعث نئے نئے شگوفے کھلنے شروع ہو جاتے ہیں۔ اور اس وقت جسم و جان میں پیدا ہونے والی تازگی و طراوت روح تک سرایت کر جاتی ہے۔ جس کو جس سے جتنا عشق ہوگا وہ اس کو اپنی جنت اور اپنی بہشت قرار دے گا۔ کسی کی جنت اس کا گھر ہوگا ،کسی کی جنت اس کا در ہوگا،کسی کی جنت اولا د ہو گی ،کسی کی جنت امّ اولا د ہوگی، کسی کی جنت اس کا مکان ہوگا ،کسی کی جنت اس کا سلطان ہوگا۔ سب کی جنت ان کے اپنے اپنے ذوق کے مطابق ہے لیکن میری جنت میرا پاکستان ہے کیونکہ یہ ہے تو سب جنتیں ہیں۔ اگر یہ نہیں ہے تو پھر جنت بھی جہنم کا عذاب ہے کیونکہ اسی کے دم قدم سے حقیقی جنت کی بہاریں ہیں۔
ہمت ہے تو پیدا کر فردوس بریں اپنا
مانگی ہوئی جنت سے دوزخ کا عذاب اچھا
وطن اس مقدس سرزمین کا نام ہے جس کی آغوش میں انسان جنم لیتا ہے جس کی ہوائیں اسے پروان چڑھاتی ہیں جس کی فضاؤں میں اس کی نشوونما ہوتی ہے جس کی مٹی سے اس کا خمیر اٹھتا ہے۔ اور اسی کے ذرّے ذرّے سے انسان کی عقیدت وابستہ ہوتی ہے۔ اس کی فضاؤں میں محبت کی خنکی ہوتی ہے، اس کے کھیتوں میں آنکھوں کا نور ہوتا ہے، اس کے گلستانوں میں چاہت کی چاشنی ہوتی ہے، اس کے ویرانوں میں یگانگت کی اپنائیت ہوتی ہے۔ اس کی ہر چیز جنت کا نمونہ پیش کرتی ہے۔
پاکستان کے در و دیوار ، اس کے شجر وحجر، اس کے کوہ و دمن، اس کے گل وگلزار میرے نزدیک جنت نظیر ہیں۔ یہ جیسے بھی ہیں میرے اپنے ہیں، اور پھر ان کے حصول کے لیے میرے آباؤ اجداد نے قربانیاں دی ہیں، کئی بچے یتیم ہوئے ہیں، کئی بیٹیوں کی عزتیں تار تار ہوئی ہیں، کئی عورتیں بیوہ ہوئیں، یہی ملک یہی وطن اس بھری دنیا میں میری پہچان ہے میری شناخت ہے، یہ میری آن ہے، یہ میری جان ہے۔
آج ہم میں سے جو کوئی بھی کسی مقام و مرتبہ پر فائز ہے تو اس ملک پاکستان کی بدولت ہے۔ اس مملکت خداداد نے ہمیں بے پایاں انعامات سے نوازا ہے۔ ہم دیکھیں کہ ہم نے اپنے وطن کو کیا دیا ہے، اور کیا دے رہے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے جنت نما وطن سے محبت کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اپنے ذاتی مفادات کو پسِ پشت ڈال کو ملکی اورقومی مفاد کو پیش نظر رکھیں۔ دنیا کے ملکوں کی صف میں اس مملکت کو اس جنت ارضی کو ممتاز اور بلند مقام دلانے کے لیے کمر بستہ ہوں۔ آج ہمیں ہر قسم کے علاقائی تعصب ، صوبائی تعصب ، لسانی جھگڑوں اور فرقہ واریت کے عفریت سے اپنی جان چھڑا کردل و جان سے اس ملک کی چاکری میں لگ جانا ہے۔
یہ ملک’ ’ملک پاکستان‘‘ اس دنیا میں ہماری جنت ہے، یہ ہمارا مادرِ وطن ہے۔ ہم سب اس کی آغوش میں محفوظ و مامون ہیں اور جو عناصر اس وطن عزیز کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی مذموم کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں اور آئے دن دہشت گردی کے واقعات اور بم دھماکے کروا رہے ہیں۔ ہمیں ان شر پسند عناصر کوپہچاننا چاہیے اور ان کے مذموم عزائم کو نیست و نابود کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرنا چاہیے۔
جو بھی آئے گا رستے میں کٹ جائے گا
نوکِ خنجر ہے ہر اِک جواں دوستو
پاکستان میری جنت ہے۔ آج میری اس جنت کو ہماری محبت کی ، ہماری قربانیوں کی ، ہمارے تعاون کی، ہماری توجہ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت جس بات کی ہے وہ یہ ہے کہ ہم اپنی لغزشوں کا اعتراف کریں۔ اس کے در و دیوار، شجر وحجر، ندی نالوں، صحراؤں، ریگستانوں، سمندروں یہاں تک کہ اس کے ذرّے ذرّے سے پیار کریں اور اللہ تعالیٰ سے دعا مانگیں کہ وہ چمنستان وطن کے ہر گل سر سبز کو پھلاپھولا رکھے۔ اور اس پر ہمیشہ بہار ر ہے۔

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...