Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین |
حسنِ ادب
نگارشات راشد: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول مضامین

خود روزگاری کیوں اور کیسے
ARI Id

1689956699836_56117703

Access

Open/Free Access

Pages

207

خودروزگاری کیوں اور کیسے؟
زندگی اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت ہے، زندہ رہنے کے لیے انسان کو کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ کبھی اس کی صغرسنی ہوتی ہے،کبھی عالم شباب ہوتا ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ پیرانہ سالی کا شکار ہوکرداعی اجل کو لبیک کہہ دیتا ہے۔ ان ادوارِ حیات میں زندگی کی بوقلومونیوں سے واسطہ پڑتا ہے۔ کبھی ایسا وقت ہوتا ہے کہ اس کے دستر خوان پرانواع واقسام کے کھانے چنے ہوتے ہیں اورکبھی ایسی بھی گھڑی آتی ہے کی کئی کئی دن معدودے چند لقموں کے علاوہ دستر خوان پرکوئی قابلِ ذکر چیز نہیں ہوتی ۔لیکن ذی شعور انسان کبھی پستی کا شکار نہیں ہوتا۔ ہمہ وقت کدو کاوش کرتا رہتا ہے۔ اور یوں اس کے ایّام زیست کروٹیں بدلتے ہوئے گزر جاتے ہیں۔
انسان کی یہ بات فطرت میں شامل ہے کی وہ اچھے سے اچھے اور بہتر سے بہتر کی تلاش میں سر گرداں رہتا ہے۔ ملک میں اگر روزگار کے مواقع حکومت عوام الناس کے لیے فراہم نہ کر سکے تو بے روزگاری کے منحوس سائے افق پر منڈ لا نا شروع ہو جائیں ، ہر سوغربت ہی غربت دکھائی دے ، قوم کی کثیر تعدادغربت و افلاس کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو جائے اور کوئی پرسان حال نہ ہو اور کسمپرسی کا شکار لوگ اپنی زندگی کے ہاتھوں پریشان ہوں تو پھر بھی ذی فہم و فراست شخص خود روزگاری کے ذریعے اپنے آپ کو اور اپنے معاشرے کے افراد کو غربت و افلاس کی دلدل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
حدیث نبوی ہے ’’ الکاسب حبیب اللہ ‘‘حلال روزی کمانے والا اللہ تعالیٰ کا دوست ہوتا ہے۔ اس طرح جو شخص بھی مسلمان ہونے کے ناطے کاروبار سے دلچسپی رکھتا ہے، اپنے اہل خانہ کے لیے دن بھر محنت کرتا ہے ،ایک تو وہ اپنی اُخروی زندگی میں سرخروئی حاصل کرتا ہے اور مزید برآں اپنے بچوں ، والدین اور شریکِ حیات کے چہرے پر مسرت و شادمانی دیکھ کر اپنی روح کی طراوت کا بھی انتظام کرتا ہے۔ خود روزگاری اس لیے بھی ضروری ہے کہ کسی دوسرے پر انحصار کی عادت ختم ہوجائے ،کسی کے سہارے زندہ رہنے کا جذبہ سرد پڑ جائے۔ اپنے قوت بازو پر بھروسہ کرنے کی عادت پختہ ہو جائے۔ خود روزگاری کی ضرورت اس وقت بہت محسوس ہوتی ہے جب حکومت وقت روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں ناکام ہو جائے، صنعتیں اور کارخانے بند ہو جائیں ، فیکٹریوں اور کارخانوں کو چلانے کے لیے برقی طاقت کم پڑ جائے ، آبادی میں اضافے کے سبب عوام الناس کا سیلاب ایام بلوغت کے لمحات شاہراہوں پر مارا مارا گزارہا ہو۔
گھر کا سربراہ جب تساہل اور غفلت کا شکار ہو، ہاتھ پر ہاتھ دھرے من وسلویٰ کے انتظار میں بیٹھار ہے اور اس کے اہل خانہ چتھیڑوںوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوں ، اس کے چولہے سرد ہو چکے ہوں ، اس کے گھر کے آنگن میں غربت و افلاس کے خس و خاشاک خودرو پودوں کی صورت میں نمودار ہو چکے ہوں۔ جس کی دولت و ثروت کا سورج غروب ہو چکا ہو۔ جس کے نونہال نانِ جویں کو ترس رہے ہوں۔ جس کا پورا کنبہ حسرت و یاس کی تصویر بن چکا ہو، اس وقت اس کو صحیح جانب راہنمائی کرنے میں کوئی غیر مرئی قوت فعال کردار ادا کرے اور اس کی فکر کوصحیح راستہ فراہم کرے اور اس کو یہ سوچنے پر مجبور کرے کہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنے کی بجائے کچھ کرنا بہتر ہے تو اس کے لیے مہیمز کی نعمت مُستمرہ سے کم نہ ہوگی۔
خود روزگاری کی ابتداء اپنے گھر ٹسے کی جاسکتی ہے، سمال انڈسٹریز کے ذریعے اپنے کاروبار کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ وہ کام جو ابتدائی طور پر گھر سے شروع کیے جا سکتے ہوں ان کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ صاحب ثروت حضرات سے قرضِ حسنہ لے کر اپنے کام کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ چھوٹی چھوٹی کمیٹیاں ڈال کر کسی مختصر سے کام کا آغاز کیا جاسکتا ہے، اگریہی جذبہ ہمارے درمیان پیدا ہو جائے کہ ہم مسلمان ہیں اور ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلماپنے چھوٹے چھوٹے کام خود سرانجام دے لیا کرتے تھے اس لیے ہمیں بھی محنت سے جی نہیں چرانا چاہیے۔ صرف آپ صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کی اس سنت پرعمل پیرا ہونے سے ہی ہماری کسی کا دست نگر رہنے کی عادت ختم ہوسکتی ہے۔ بھینس پالنا، بھیڑ بکریاں پالنا، قالین بافی ، دودھ دہی کا کام، چھوٹے پیما نے پرکاشتکاری، گھریلو سطح پرتعلیم و تدریس کا انتظام ، سلائی کڑھائی کا کام ہی ایسے کام ہیں جو مختصرسے سرمایہ سے شروع کیے جا سکتے ہیں اور اس طرح خود روزگاری کا سلسلہ بے روزگاری کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے۔ اس وقت اس امر کی شدید ضرورت ہے کہ اس طرف توجہ دی جائے۔
خود روزگاری ہمّت بڑھاتی ہے
فاقہ کش کو سپنے دکھاتی ہے

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...