Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

قوانین حدود و قصاص اور اسلامی ریاست |
Asian Research Index
قوانین حدود و قصاص اور اسلامی ریاست

حرف آغاز
ARI Id

1707476245802_56118784

Access

Open/Free Access

Pages

ز‌

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ

 معاشرتی جرائم اور ان کی سزاؤں کا تعین ہر انسانی معاشرہ اور ریاستی نظام کی ضرورت ا ور ذمہ داری رہی ہے اور ہر دور میں مختلف حوالوں سے اس پر علمی ا ورتحقیقی کام ہوتاآ رہاہے۔ اسلامی ریاست کی بنیاد آسمانی تعلیمات کے حوالے سے شرعی احکام و قوانین پر ہوتی ہے اور اس کی ابتدا حضرت آدم و حوا علیہما السلام کو زمین پربسانے کے ساتھ ہی اللہ رب العزت نے ان سے اور ان کی نسل و ذریت سے اس ارشاد کے ساتھ فرمادی تھی کہ

﴿فَإِمَّا يَأْتِيَنَّكُمْ مِنِّي هُدًى فَمَنْ تَبِعَ هُدَايَ فَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ﴾[البقرہ، 38:2 ]

دنیا میں زندگی بسر کرنے کے لیے میری طرف سے تمہارے پاس ہدایات آتی رہیں گی اور ان پر عمل کرکے تم خوف و حزن سے نجات پا سکو گے۔ یہ ہدایات حضرات انبیاء کرام علیہم السلام کے ذریعہ مسلسل نازل ہوتی رہیں جن کا آخری اور مکمل مجموعہ قرآن کریم کی صورت میں ہمارے پاس بحمد اللہ محفوظ و موجود ہے۔ حضرات انبیا ء کرام علیہم السلام نے صرف ہدایات نہیں پہنچا ئیں بلکہ ان کی ضروری تعبیرات دتشریحات بھی فرمائیں اور ان پر عمل کا ماحول قائم کرکے ایک اسلامی معاشرہ کی عملی صورت بھی اپنے پیرو کاروں کے ساتھ رکھی جو ہمارے پاس حدیث و سنت کے ساتھ ساتھ تعامل صحابہ کرام با لخصوص خلفاء راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین کے کردار کی شکل میں قیامت تک کے لیے اسوہ اور راہنماکے طور پر ہماری ملی تاریخ کا اہم ترین حصہ ہیں۔

ان اصول و ضوابط کی سوسائٹی میں عملی تنفیذ و تطبیق کے وسائل و ضروریات کو فقہا ئے عظام رحمہم اللہ نے مرتب فرمایا اور ہر دور میں اس وقت کی ضروریات اور تقاضوں کے مطابق فقہائے وقت نے ان کی تجدید اور ترامیم فرمائیں ، جس پر عمل ہوتا رہا اور قیامت تک یہ سلسلہ انشاء اللہ تعالیٰ جاری رہے گا۔

 مسلم تہذیب و ثقافت کے امتیاز اور شناخت کے تحفظ اور اسلامی قوانین وا حکام کے نفاذ کے لیے اب سے پون صدی قبل پاکستان کے نام سے ایک نئی ریاست دنیا کے نقشے پر نمو دار ہو ئی تو اسی ریاست کے باشندوں بالخصوص اربابِ اقتدار اور علماء وفقہاء کو اس پورے فقہی ذخیرے پر نظر ڈالتے ہوئے آسمانی تعلیمات اور فقہ و شریعت کے مطابق اپنے لیے راہ عمل اور طریق کار طے کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی جس کے لیے مختلف دائروں میں مسلسل محنت و کاوش جاری ہے۔

 زیر نظر کتاب بھی اسی محنت کا ایک حصہ ہے جس میں محترم مولانا ڈاکٹر عبد الغفار صاحب نے معاشرتی جرائم کی سزاؤں با لخصوص قوانینِ حدود و قصاص کو گفتگو کا موضوع بنایا ہے اور شرعی احکام کی علل و مصالح اور نتائج و ثمرات کی عملی صورتوں اور ان کے حوالہ سے سامنے آنے والے سوالات و اشکالات پر بحث کرتے ہوئے اپنا نقطہ نظر پیش کیا ہے ،جو کہ یقیناً قابل توجہ ہے اور اس دائرہ میں علمی اور عملی کام کرنے والے طبقات و افراد کے لیے مفید ہے۔ اللہ پاک سبحانہ وتعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبولیت وثمرات سے نوازیں اور اس جد و جہد میں پیش رفت کا ذریعہ بنائیں ۔

 

ابو عمار زاہد الراشدی

 خطیب مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ

یکم دسمبر 2023ء

 

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...