Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

عبداﷲ یوسف علی
Authors

ARI Id

1676046603252_54338600

Access

Open/Free Access

Pages

67

عبداﷲ یوسف علی
افسوس ہے کہ پچھلے دنوں ہماری گزشتہ قومی زندگی کاایک اورستون گر گیا یعنی مسڑعبداﷲ یوسف علی نے لندن میں وفات پائی۔مرحوم انگریزی زبان کے نامور انشا پرداز، مشہور ماہر ِتعلیم اور متعدد بلند پایہ کتابوں کے نامور مصنف تھے۔ انڈین سول سروس سے الگ ہونے کے بعد وہ دومرتبہ اسلامیہ کالج لاہور کے پرنسپل ہوئے اوریہیں ان کے دل ودماغ میں یکایک ایک عجیب مذہبی اوردینی انقلاب ہوا۔جس کے باعث انہوں نے قرآن مجید کاانگریزی ترجمہ کرنا شروع کر دیا۔ترجمہ کی زبان کس قدراعلیٰ اوربلندپایہ ہے اس کی دادوہی دیں گے جن کو انگریزی زبان وادب کا ذوق ہے اورجو مختلف اسالیب کی باریکیوں سے واقف ہیں۔ترجمہ کے علاوہ جگہ جگہ تفسیری نوٹ بھی بڑے فاضلانہ اورعالمانہ ہیں اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ چوں کہ مرحوم نے ترجمہ کے وقت حضرت شاہ عبدالقادر دہلویؒ کے اردو ترجمہ قرآن کوخاص طورپر پیش نظر رکھا تھا اس بنا پر اب تک انگریزی میں جتنے بھی تراجم شائع ہوچکے ہیں صحت عقائد کے لحاظ سے صرف مرحوم کاہی ایک ترجمہ ان سب میں ایسا ہے جس پر اعتماد کیا جاسکتا ہے۔ مرحوم کو درحقیقت قرآن مجید کے ساتھ عشق ساہوگیاتھا اوراسی کااثر تھاکہ وہ اسی زمانہ میں حرمین شریفین کی زیارت اورحج بیت اﷲ کی سعادت وشرف سے بہرہ یاب ہوئے۔واپسی پر جب کبھی وہ سرپرعقال اوربدن پرجُبہ وعبا کے ساتھ نظر آتے تھے توبڑے بھلے لگتے تھے۔اسلامیہ کالج کے طلبا کونماز کی اوردیگر شعائر اسلامی کی پابندی واحترام کی بڑی تاکید کرتے رہتے تھے۔جمعہ کی نماز کالج کی مسجد میں کبھی کبھی خود بھی پڑھاتے تھے، ورنہ نماز سے پہلے یانماز کے بعد وعظ تو اکثر ہی کہتے تھے۔عادات واخلاق کے لحاظ سے بڑے خلیق وملنسار مگر حددرجہ باحمیت وخودداراورہمدرد وغم گسارتھے۔ضابطہ پسندی اوراصول پروری ان کی فطرت تھی۔حق تعالیٰ مغفرت وبخشش کی نعمتوں سے نوازے اوران کے مراتب بلند کرے۔ [جنوری۱۹۵۴ء]

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...