Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء > مولانا مناظر احسن گیلانی

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

مولانا مناظر احسن گیلانی
Authors

ARI Id

1676046603252_54338616

Access

Open/Free Access

Pages

77

آہ حبر امت!
الی اﷲ اشکولاالی الناس اننی
اری الارض تبقی والا خلاء تذھب
وادریغا!جو خامۂ گوہر فشاں چالیس برس تک اسلامی علوم وفنون کے انمول موتی صفحۂ قرطاس پربکھیرتا اورلٹاتارہا۔گذشتہ ماہ جون کی ایک صبح کو یک بیک خاموش ہوگیا۔وہ مسیحا نفس جواپنے انفاس قدس سے اسلامی احساس وفکر کے تن بے جان کی عروقِ مردہ میں زندگی کانیا اور تازہ خون دوڑاتا رہا۔دین قیم کاوہ پیکر خجستہ گوہر جو اپنے لب ِاعجازنما سے قال اﷲ اورقال الرسول کاپیام حق التیام ایک عرصہ تک جھوم جھوم کے سناتارہا۔علم وفضل،عمل وکردار اوراخلاق وشمائل کاوہ پیکر حسین جو اس عہد میں اسلام کی چہاردہ صد سالہ تاریخ کی آبروتھا اورجس کانفس نفس گلبن دین محمدی کی عطر آفرینیوں کاامین و رازداں تھا۔اچانک خاکِ لحدکی امانت بن گیا۔ملت بیضا کی ایک متاع گراں مایہ لٹ گئی۔بزم انس وقدس کا چراغ فروزاں بجھ گیا۔یعنی حبر امت مولانا سید مناظر احسن گیلانی نے اس عالم آب وگل کوخیرآباد کہہ کر عالم آخرت کی راہ لی۔اناﷲ وانا الیہ راجعون
مولانا ضلع مونگیر(بہار)کے ایک گاؤں گیلانی کے خاندان ِسادات کے چشم وچراغ تھے۔منطق اور فلسفہ کی تکمیل مولانا ابوالبرکات ]کذا: برکات احمد[ ٹونکی سے کرنے کے بعد دارالعلوم دیوبند پہنچے اورشیخ الہند مولانا محمود حسنؒ سے درس حدیث لیا۔اپنی ذہانت وذکاوت،استعداد علمی اورصلاح ونکوکاری کے باعث دارالعلوم کے عمائد میں اتنا رسوخ پید اکرلیاتھا کہ فراغت کے بعد وہیں معین المدرسین ہوگئے۔اس زمانہ میں دارالعلوم کاماہنامہ’ القاسم‘ بڑی آب وتاب سے نکلتاتھا، اس کی ادارت کی خدمت بھی آپ کے سپرد ہوگئی۔اس دور میں آپ نے جومضامین لکھے وہ خود بتا رہے تھے کہ یہ ستارہ ایک دن آفتاب بننے والاہے۔یہاں ماہوار مشاہرہ بطور وظیفہ تیس روپے ملتاتھا۔بہت چاہا کہ کسی طرح پچاس روپے ہوجائے توپوری زندگی ہی مدرسہ کی خدمت کے لیے وقف کردیں۔ لیکن قدرت کو توبہت بڑا اور اہم کام لینا منظور تھا۔ دارالعلوم میں مستقل قیام کی صورت پیدانہ ہوسکی۔ اسی زمانہ میں مولانا حبیب الرحمن خاں شروانی جو حیدرآباد میں صدرالصدور امور مذہبی تھے اورجن کاوہاں طوطی بول رہا تھا، ان کی نگہ مردم شناس نے اس جوہر قابل کو تاکااورحیدرآباد میں جامعہ عثمانیہ کاقیام عمل میں آیا تو مولانا جامعہ کے شعبۂ دینیات کے صدر مقرر کردیے گئے۔
قیام حیدرآباد کایہ عہد ہی مولاناکی زندگی کاوہ دور زرین تھا جب کہ علم و فضل کے آسمان کا یہ ماہ یکشبہ بدر کامل بنا اور ا س کی ضیاباریوں سے علم وتحقیق کا گوشہ گوشہ جگمگا اٹھا۔ یوں تومولانا کیانہیں تھے؟ایک نامور محقق و مبصر اسلامیات، بلند پایہ مصنف،شعلہ بیاں خطیب،صاحب وجدوحال صوفی سب ہی کچھ تھے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اُن کاسب سے بڑاکارنامہ جس میں کوئی اورشخص اُن کاحریف نہیں ہوسکتا۔یہ ہے کہ انھوں نے اپنے فیضان تعلیم وتربیت سے انگریزی تعلیم یافتہ طبقہ میں ایک دو نہیں کثرت سے ایسے افراد پیداکردیے جو مغربی علوم وفنون کی اعلیٰ اسناد رکھنے کے باوجود آج اسلامی علوم وفنون کی بڑی قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں اورجن کی اسلامی تحقیقات کی گونج یورپ اور امریکہ کے علمی حلقوں میں ہے۔جوکام خالص علمائے کرام کے کرنے کا تھاوہ یہ حضرات کررہے ہیں اوراس خوبی اورعمدگی کے ساتھ کہ خودعلماء کے طبقہ میں اس کی مثالیں کم ملیں گی۔ پھر ان کی زندگیاں بھی اسلامی تعلیمات کے سانچہ میں ڈھلی ہوئی ہیں۔مولانا گیلانی ہرگز یہ عظیم الشان کارنامہ انجام نہیں دے سکتے تھے اگر انھوں نے اسلام کا مطالعہ علمی اورسائنٹفک طریقہ پرنہ کیا ہوتا اوراس بنا پر وہ مغربی علوم وفنون کے طلبا کوعلمی طورپر اسلام سے متاثر نہ کرسکتے۔
علم وفضل، دقت نظر، وسعت ِمعلومات اورقوت تحریر وتقریر کے علاوہ اخلاق وشمائل کے لحاظ سے وہ جس پایہ کے بزرگ تھے ان جیسے کم ہی ہوں گے۔ فقرومسکنت، استغناء، تواضع وفروتنی،حسنِ کرم وجود و سخا، شفقت علی الخلق، کمال خودداری اورمروت، یہ مولانا کی فطرت وطبیعت کے جواہر خصوصی تھے۔ اب ایسی جامع کمالات ہستیاں کہاں ہوں گی۔خامۂ اشکبار کے ان چند قطروں سے دل کی آگ کیونکر بجھ سکتی ہے۔اگر مولانا کی یاد میں برہان کا کوئی خاص نمبر نہ بھی شایع ہوسکا تو انشاء اﷲ ایک مفصل مضمون عنقریب شایع کیاجائے گا۔اﷲ تعالیٰ مولانا کوصدیقین وشہداء کامقام جلیل عطافرمائے اوران کی قبر پررحمتوں کے بیش از بیش پھول برسائے۔آمین [جولائی ۱۹۵۶ء]

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...