Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

عبدالمجید سالک
Authors

ARI Id

1676046603252_54338636

Access

Open/Free Access

Pages

86

عبدالمجید سالک
پنجاب نے اردو زبان وادب کی جونادر شخصیتیں پیدا کی ہیں۔عبدالمجید سالک مرحوم کانام ان حضرات کی صف اوّل میں تھا۔انھوں نے منشی فاضل کرکے بی۔اے کیا تھا، لیکن ذاتی مطالعہ،ذہانت اورشعروادب کے فطری ذوق کے باعث ادبی دنیا میں اس قدر شہرت حاصل کی تھی کہ ایک زمانہ میں ’زمیندار‘ اخبار میں ان کے فکاہات اور’انقلاب‘ اخبار میں ان کے’’افکاروحوداث‘‘پنجاب میں گھر گھر بڑے شوق اوردلچسپی سے پڑھے جاتے تھے اوراخبار کھولتے ہی لوگ سب سے پہلے یہی چیزیں پڑھتے تھے۔غلام رسول مہر کی طرح مرحوم بھی مولانا ظفر علی خاں کے خاص تربیت یافتہ تھے۔اردوزبان کے محاورات و امثال پر بڑا عبور رکھتے تھے اوراس وصف خاص میں استاد سے بھی سبقت لے گئے تھے۔ انھوں نے مہر صاحب کے رفیق کی حیثیت سے اردو صحافت کاایک ایسامعیار قائم کیا کہ آج بھی بہت سے اخبارات انھی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔
اردو زبان کے بلند پایہ ادیب اورصحافی ہونے کے علاوہ بے تکلف اورفی البدیہہ شعر بھی کہتے تھے اوریہ غالباً مولانا ظفر علی خاں کی صحبت ہی کافیض تھا۔اب ادھر چند برسوں سے سنجیدہ تصنیف وتالیف کی طرف متوجہ ہوگئے تھے۔چنانچہ اس سلسلہ میں ان کی دوکتابیں’’ذکر اقبال‘‘اور’’ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخ ثقافت‘‘، جس پر برہان میں تبصرہ بھی ہوچکاہے، بڑی اچھی کتابیں ہیں۔طبعاً مرحوم بھی بڑے خندہ جبیں،خندہ رو، اورفرخندہ شمائل انسان تھے۔مزاج میں اعتدال پسندی اور میانہ روی تھی یہاں تک کہ سیاسیات میں بھی اُن کامسلک معتدل ہی رہا۔وہ اردو کے ان چند خوش نصیب اخبار نویسوں میں تھے جنھوں نے محض اپنے قلم سے شہرت بھی خوب حاصل کی اوردولت بھی کافی کمائی۔ حضرت الاستاذ مولانا سید محمد انور شاہ صاحب الکشمیریؒ سے بڑی عقیدت اور محبت رکھتے تھے اوراسی تعلق سے راقم الحروف کے ساتھ ہمیشہ بڑے خلوص اورمحبت سے پیش آتے تھے۔تقسیم ہند کے بعد سے ان سے ملاقات نہیں ہوئی تھی لیکن ان کے نامہ وپیام برابر آتے رہتے تھے۔ صحت اورتن و توش کے اعتبار سے اعلیٰ درجہ کے پنجابی تھے۔ انتقال ۶۴برس کی عمر میں اچانک حرکت ِقلب کے بند ہو جانے سے ہوا۔ان کی وفات بے شبہ اردوزبان وادب کاایک سانحۂ عظیم ہے۔حق تعالیٰ مغفرت وبخشش کی نعمتوں سے سرفراز فرمائے۔ [اکتوبر۱۹۵۹ء]

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...