Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء > مولانا شاہ عبدالقادر رائے پوری

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

مولانا شاہ عبدالقادر رائے پوری
Authors

ARI Id

1676046603252_54338656

Access

Open/Free Access

Pages

97

مولانا شاہ عبدالقادر رائے پوری
افسوس ہے ابھی حضرت مجاہد ملت کے ماتم کے آنسو خشک بھی نہیں ہوئے تھے کہ ملت اسلامیہ کے لیے ایک دوسرا حادثۂ جاں گداز پیش آگیا اورطریقت و معرفت ربانی کاآفتاب غروب ہوگیا۔حضرت مولانا شاہ عبدالقادر صاحب رائے پوری اکابر مشائخ دیوبند کے سلسلہ کی آخری کڑی تھے۔عمر کم وبیش ۹۰برس کی پائی۔مگرچاربرس پہلے تک قویٰ بڑے اچھے تھے اور انڈوپاک کے ہزاروں مسلمان بقدر استعداد اس سرچشمۂ روحانیت وانابت الی اﷲ سے مستفید ہوتے تھے۔ آپ کااصل وطن گرداسپور تھا۔آغاز شباب میں ہی مرشد کی تلاش میں نکل پڑے اورآخر حضرت مولانا شاہ عبدالرحیم صاحب رائے پوری جوحضرت مولانا گنگوہیؒ کے خلیفۂ خاص اوراکابردیوبند میں ایک ممتاز ورفیع مقام کے مالک تھے، اُن کی خدمت میں پہنچ کر گوہر مقصود پالیا۔چنانچہ آپ اس درگاہ قدس سے ایسے وابستہ ہوئے کہ پوری زندگی یہیں گزار دی۔تقسیم کے بعدہی مشرقی پنجاب میں جوطوفان امڈا اُس نے کتنی آبادیوں کوویرانہ بنادیا۔مگر شاہ صاحب تھے کہ اپنی جگہ پرکسی قسم کے خوف وہراس کے بغیر جمے رہے اوراس کااثر یہ ہواکہ اس نواح کی تمام مسلمان آبادی محفوظ رہی۔ مشائخ دیوبند کی ایک عام خصوصیت ہے سلوک ومعرفت کے اعلیٰ مقام پر فائز ہونے کے ساتھ شریعت کے احکام واوامر اورسنت واسوۂ نبوی کامکمل اتباع اوراس سے انحراف کاکسی حالت میں بھی روادار نہ ہونا۔یہ صفت حضرت مرحوم میں بھی بدرجۂ اتم موجود تھی۔ اس عام خصوصیت کے علاوہ ہربزرگ کے کچھ اپنے خاص احوال وکوائف ہوتے ہیں اوراس کا سبب یہ ہوتاہے کہ کمالات واوصاف نبوی میں سے اُس پرکسی خاص ایک وصف کاغلبہ ہوتاہے۔مثلاً کسی میں صفت علم غالب ہوتی ہے اورکسی پرصفت خلق، کوئی شان جمالی کا مظہر ہوتاہے اورکوئی شان جلالی کا۔اس اعتبار سے شاہ صاحب پرصفت فقرواستغناء،سادگی وبے تکلفی اورصفت محبت کااستیلا تھا۔محبت خود اپنے اندر مقناطیسی کشش رکھتی ہے، اس بنا پر جس شخص کوبھی حضرت کی خدمت میں حاضری کی سعادت میسر آگئی خواہ کتنی ہی مختصر ہو،بس وہ اس درگاہ سے عمر بھرکے لیے وابستہ ہونے کاعہد ہی کرکے اٹھا اوروہیں کاہوگیا۔
افسوس ہے راقم الحروف کوصرف ایک مرتبہ حضرت کی زیارت کاشرف حاصل ہوا اوروہ بھی اس طرح کہ پانچ،چھ برس کاذکرہے آپ کلکتہ تشریف لائے ہوئے تھے اورمنیجر شیخ محمد یعقوب صاحب کے مہمان تھے۔مجھے اطلا ع ہوئی توشام کے چاربجے قیام گاہ پر حاضر ہوامگر آپ اس وقت استراحت فرما تھے اس لیے ملاقات نہ ہوسکی اورمیں واپس آگیا۔ارادہ تھا کہ پھر کسی دن حاضر ہوں گا مگر میری فخرآمیز مسرت اورساتھ ہی شرمندگی وندامت کی کوئی حد نہ رہی جب کہ دوسرے ہی دن نماز فجر کے بعد حضرت مرحوم اپنے میزبان اورچند اور عقیدت مندوں کے ساتھ اچانک غریب خانہ پرتشریف لے آئے۔میں نے اس پر سخت شرمندگی کااظہار کیاتوغایت شفقت سے فرمایا:’’مجھے توآپ کے پاس آناضرور تھا،آپ دین کا بڑاکام کررہے ہیں۔‘‘
آخر عمر میں اس درجہ معذور ہوگئے تھے کہ حرکت کرنا بھی دشوار تھا۔مگر معمولات کی پابندی اسی طرح جاری تھی الاستقامۃ فوق الکرامۃ کی عملی تفسیر یہی ہے۔دسترخوان بڑاوسیع تھا اورخانقاہ کادروازہ چشم پاسبان کی طرح ہرایک کے لیے وا۔اشراق کے بعد عام مجلس ہوتی تھی جس میں کوئی کتاب پڑھواکرسنتے تھے۔ اسی مجلس میں ایڈیٹر برہان کی کتاب’’صدیق اکبر‘‘حرفاًحرفاً پڑھواکرسنی اور محب صدوق مولانا ابوالحسن علی میاں کی روایت کے مطابق کتاب ختم ہوگئی توناچیز مولف کے لیے خصوصی کلمات دعائیہ ارشاد فرمائے وکفی بہ فخرًا۔
صد حیف!ہدایت وارشاد کی مسندیں یکے بعد دیگرے خالی ہورہی ہیں،علم و تقوی کے پیکر نظروں سے اوجھل ہورہے ہیں،ذکروفکرالٰہی کی محفلیں سونی ہورہی ہیں، اب یہ لوگ کہاں ملیں گے۔
الی اﷲ اشکولاالی الناس اننی
اری الارض تبقی والاخلاء تذھب
تاہم سنت الہٰی یہی ہے کہ چراغ سے چراغ جلتارہے۔روشنی کے جو مینارے ان اکابرنے نصب کیے ہیں ان کی حفاظت کرنا، مخلصانہ سعی پیہم کے ذریعہ انھیں قائم رکھنا یہ اخلاف کافرض ہے اورحضرتؒ کے متوسلین ومعتقدین جن میں اس زمانہ کے بلندپایہ علماء اور ارباب باطن شامل ہیں اُن سے قوی توقع ہے کہ وہ اس خانقاہ کی قندیل ملک نزیل کوروشن وتابناک رکھیں گے۔رحمہ اﷲ رحمتہً واسعۃ [ستمبر۱۹۶۲ء]

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...