Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء > مولانا صبغۃ اﷲ شہیدؔ فرنگی محلی

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

مولانا صبغۃ اﷲ شہیدؔ فرنگی محلی
Authors

ARI Id

1676046603252_54338674

Access

Open/Free Access

Pages

105

مولانا صبغۃ اﷲ شہیدؔ فرنگی محلی
افسوس ہے گزشتہ مہینہ جناب مولانا صبغۃ اﷲ شہیدؔ فرنگی محلی لکھنؤ سے بقصدِ ڈھاکہ روانہ ہوکر کلکتہ پہنچے تھے کہ اچانک دوتین مرتبہ استفراغ ہوا،اوراس کے بعد ہی بیہوش ہوئے توپھر ہوش میں نہ آئے، آخر تین روز تک اسی عالم میں رہ کر ہسپتال میں جان جانِ آفریں کے سپرد کردی اور رہ گزائے عالم جاودانی ہوگئے۔ اناﷲ واناالیہ راجعون۔ عمرستر۷۰ کے لگ بھگ ہوگی، مگر قویٰ اچھے خاصے تھے۔ وفات سے ایک ماہ قبل ہی لکھنؤ میں حسب معمول مکان پرحاضری دی تو ہمیشہ کی طرح نہایت گرم جوشی اور تپاک سے ملے، بچّوں اور بچّیوں کوبلواکر سلام کرایا، پُرتکلّف چاء سے تواضع کی اور دیر تک اس شگفتہ مزاجی اورخوش طبعی کے ساتھ گفتگو فرماتے رہے کہ اس کاوہم وگمان بھی نہیں ہوسکتا تھاکہ اب دنیا میں ایک مہینہ کے اور مہمان ہیں۔ مولانا فرنگی محل کے ممتاز علماء میں سے تھے، ایک زمانہ میں آپ کی خطابت کی بڑی دھوم تھی،سیرت اور شہادت پرخصوصاً بڑی پُرجوش اور ولولہ انگیز تقریر کرتے تھے۔ شاعر اوراردو کے زبان دان اورادیب بھی اسی پایہ کے تھے، نعت گوئی میں خصوصاً بڑاکمال تھا۔گفتگو بھی ایسی ہی شیریں و دل چسپ اورادبی وعلمی لطائف وظرائف سے پُر ہوتی تھی۔ قدیم اودھ کی شرافت اور وضع داری، ہمدردی اورغمگساری مرحوم کی طبیعت اور جبلّت تھی۔ راقم الحروف جب کبھی مکان پرحاضر ہوتا تواُن کے ہاں گویا عید آجاتی تھی،ہرخط دعاؤں سے اور شفقت بزرگانہ کے بیساختہ اظہار سے پُرہوتاتھا۔ آنحضرت ﷺ اورآپ کے آل واصحابِ کرام کے ساتھ عشق ومحبت اس درجہ تھاکہ بسااوقات ذکر کرتے کرتے روپڑتے تھے۔ مرحوم، بزرگانِ سلف کے اُس کاروانِ رفتہ کی بقیہ یادگاروں میں سے تھے جس کے دیکھنے کوآنکھیں ترستی ہیں مگر اب اُس کارواں کی گرد کفِ پابھی نظر نہیں آتی۔سدار ہے نام اﷲ کا۔
حق تعالیٰ مغفرت ورحمت کی بخششوں سے نوازے اورپس ماندگان کوصبرِ جمیل کی توفیق عطافرمائے۔آمین۔ [جنوری ۱۹۶۵ء]

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...