Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

ڈاکٹر سید عبداللطیف
Authors

ARI Id

1676046603252_54338725

Access

Open/Free Access

Pages

131

ڈاکٹرسیدعبداللطیف
افسوس ہے کہ گزشتہ مہینہ ڈاکٹر سید عبداللطیف بھی بیاسی برس کی عمر میں رحلت گزائے عالم جاودانی ہوگئے۔ موصوف کرنول کے ایک ممتاز خانوادہ شریعت و طریقت کے فردِ فرید تھے۔ خود بڑے فاضل نامور مصنف اورانگریزی زبان کے ادیب اوراس کے نکتہ شناس تھے۔ ایک عرصہ تک عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد دکن میں انگریزی زبان کے استاد اور پھر پروفیسر وصدر شعبہ رہے۔اسی زمانہ میں انھوں نے انگریزی میں غالبؔ پرایک کتاب لکھی جس میں کلیم الدین احمد کی طرح غالبؔ کومغربی فنِ تنقید کی کسوٹی پر پرکھنے کی کوشش کی گئی تھی اور اسی بنا پر اردو زبان وادب کے حلقوں میں اس کتاب نے بیزاری کے جذبات پیدا کردیے تھے۔راقم نے بھی سب سے پہلے موصوف کانام اسی عنوان سے سنا تھا۔ اس کے بعد ان کانام اس حیثیت سے سنا کہ انھوں نے تہذیبی منطقوں کی بنیاد پر ہندوستان کی تقسیم کاایک خاکہ مرتب کیا تھا۔اس خاکہ کی وجہ سے مرحوم کو بڑی شہرت حاصل ہوئی لیکن تقسیم کے بعد ان کی زندگی میں ایک انقلاب پیدا ہوااور انھوں نے اپنی زندگی، یہاں تک کہ اپنا سرمایہ بھی اسلام کی خدمت کے لیے وقف کردیا۔اس سلسلہ میں انھوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کی معرکۃ الآرا تفسیر سورۂ فاتحہ کاانگریزی میں ترجمہ کیا اورپھرخود بھی پندرہ بیس برس کی محنت کے بعد پورے قرآن مجید کاانگریزی ترجمہ ایک مفصل اورمفید مقدمہ کے ساتھ شائع کیا۔ زبان اوراسلوب کے اعتبارسے یہ ترجمہ قرآن مجید کے تمام انگریزی تراجم میں بڑی اہمیت رکھتا ہے ۔علاوہ ازیں ’قرآن مجید کی تعلیمات‘ اور’اسلامی کلچر‘ بھی بڑی قابل قدر کتابیں لکھی ہیں۔
وفات سے چند برس پہلے سخت ضعفِ بصارت کے علاوہ چند درچند اسقام وعوارض کامجموعہ ہوکر رہ گئے تھے لیکن کام کی دھن اور لگن ایسی تھی کہ اس عالم میں بھی اپنے خاص تلامذہ کی مددسے اپنے تصنیفی وتالیفی کام کیے جاتے تھے۔ان کی تصنیف وتالیف کی اصل زبان انگریزی تھی،لیکن بعض رسالے اورمضامین اردو میں بھی لکھے ہیں۔طبعاً نہایت شریف خوش اخلاق اور مخلص انسان تھے۔ راقم الحروف پر بزرگانہ شفقت فرماتے تھے،حیدرآباد سے محب مکرم ڈاکٹریوسف الدین صاحب جب کبھی علی گڑھ آتے تھے مرحوم کاسلام وپیغام ضرور لاتے تھے۔اس میں شبہ نہیں کہ قحط الرجال کے اس زمانہ میں موصوف کی وفات حسرت آیات مسلمانوں کے لیے ایک عظیم علمی اور ملی حادثہ ہے۔اﷲ تعالیٰ مرحوم کومغفرت وبخشش کی نعمتوں سے نوازے۔آمین۔ [دسمبر ۱۹۷۱ء]

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...