Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

خواجہ غلام السیدین
Authors

ARI Id

1676046603252_54338727

Access

Open/Free Access

Pages

132

خواجہ غلام السیدین
افسوس ہے ہماری بزم علم وادب کی پرانی شمعیں ایک ایک کرکے اٹھتی جا رہی ہیں۔چنانچہ گزشتہ ماہِ دسمبر کی ۱۹؍کوخواجہ غلام السیّدین بھی ہم سے جُدا ہوگئے۔ مرحوم مولانا حالیؔ کے نواسہ تھے اورحق یہ ہے کہ اس رشتہ کاجامہ مرحوم کے قامت موزوں پرایسا راست آیا کہ خاندانوں میں اس کی مثالیں کم ہی ملیں گی۔ وہ نوعمری میں علی گڑھ کے ٹریننگ کالج کے نامور پرنسپل ہوئے۔اس کے بعد رامپور ،کشمیر اور بمبئی میں حکومت کے مشیر تعلیم کے عہدہ پر فائز رہے۔آزادی کے بعد مرکزی وزارت تعلیم میں سکریٹری ہوئے۔اوراس عہدہ سے پنشن پائی۔لیکن سچ یہ ہے کہ یہ سب عہدے ان کے علمی و ادبی درجہ ومقام سے فروتر تھے۔ وہ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں کے بلند پایہ ادیب اور مقرر تھے۔ پچاسوں مقالات کے علاوہ انگریزی اور اردو میں متعدد وقیع کتابیں ان کی یادگار ہیں۔ اگرچہ تعلیم اور اس کافلسفہ ان کاخاص موضوع تھا لیکن تاریخ اورمذہب سے بھی فطری لگاؤ تھا۔
بڑی بات یہ ہے کہ فکرو نظر کااعتدال و توازن بلا کا تھا۔وہ قدامت پرستوں میں ترقی پسند تھے اورترقی پسندوں میں قدامت پرست۔ تحریر و تقریر دونوں میں بڑا رچاؤ اور رکھ رکھاؤ تھا، اس بناپر ہر طبقہ میں قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ان کو بین الاقوامی شہرت حاصل تھی، چنانچہ ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد امریکہ، کناڈا اور یورپ میں بار بار وزٹنگ پروفیسر ہوکر گئے۔ آخرزمانہ میں اسلامیات کی طرف انہماک زیادہ ہوگیاتھا اوراس سلسلہ میں جب کبھی انہیں کوئی اشکال ہوتا راقم الحروف کو لکھتے تھے اور جواب سے خوش ہوتے تو اس کااظہار ایک مستقل خط کے ذریعہ کرتے تھے۔نہایت مہذب ،خوش طبع اور کریم النفس انسان تھے۔عمر ۶۷ کے لگ بھگ پائی ۔اﷲ تعالیٰ مغفرت و بخشش کی نعمتوں سے سرفراز فرمائے۔اب تہذیب اورشائستگی کے ایسے نمونے کہاں ملیں گے؟ [جنوری۱۹۷۲ء]

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...