Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء > مولانا عبدالسلام قدوائی

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

مولانا عبدالسلام قدوائی
Authors

ARI Id

1676046603252_54338795

Access

Open/Free Access

Pages

168

مولانا عبدالسلام قدوائی
افسوس ہے ہمارے فاضل اوردیرینہ دوست مولانا عبدالسلام صاحب قدوائی بھی کم وبیش ستربرس کی عمر میں۲۴/اگست کواپنے گاؤں تہیلنڈی ضلع رائے بریلی(اترپردیش)میں راہی ملک بقاہوگئے۔خاتمہ اچانک ہوا،۲۴/اگست کو آخری روزہ تھا، مرحوم سحری کے وقت پہلے خود اُٹھے، پھر گھر کے لوگوں کو اٹھایا لیکن ابھی سحری کھائی نہیں تھی کہ بیت الخلا جاتے ہوئے گرپڑے، تھوڑی دیر کے بعد حالت غیر ہوگئی اوربے ہوش ہوگئے، نفس کی آمدوشد میں فرق آگیا،اورآخر چند گھنٹوں کے بعد جان جانِ آفریں کوسپرد کردی۔انا ﷲ واناالیہ راجعون۔
مرحوم دارالعلوم ندوۃ العلماکے آخری درجہ میں زیر تعلیم تھے کہ ندوہ میں ایک مشہور اورعظیم الشان اسٹرائیک ہوئی، اس سلسلہ میں احمد جعفری اوردوسرے بہت سے طلباء کے ساتھ مرحوم بھی خارج کردیئے گئے۔ اب وہ جامعۂ ملیہ اسلامیہ میں داخل ہوگئے لیکن کئی برس یہاں مقیم رہنے کے باوجود تکمیل یہاں بھی نہ کرسکے۔بہرحال تھے ذہین اورجو کچھ پڑھا تھا محنت اورشوق سے پڑھا تھا اس لیے استعداد پختہ تھی، اس بناپر چندبرس ندوہ میں مدرس رہے۔لکھنؤ میں ادارۂ تعلیمات اسلام کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔بمبئی میں اخبار خلافت کے عملۂ ادارت سے بھی وابستہ رہے۔ آخرکار جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ناظم شعبۂ دینیات ہوگئے، یہاں سے سبکدوش ہوکرندوۃ العلماء میں معتمد تعلیمات ہوئے، پھر شاہ معین الدین احمد صاحب کاانتقال ہوا توان کی جگہ سید صباح الدین عبدالرحمن صاحب کے ہاں ماہنامۂ ’معارف‘ کے شریک ادارت ہوگئے۔مولانا مرحوم نے اگرچہ کم لکھاہے لیکن جوکچھ لکھاہے بہت خوب لکھاہے۔سادگی کے ساتھ طرفگی اور سنجیدگی ومتانت کے ساتھ شگفتگی اُن کے قلم کی خصوصیت تھی۔طبیعت رسااورنکتہ آفریں پائی تھی، کم گواورکم سخن،مرنج ومرنجان اوربڑے بااخلاق ومتواضع تھے۔ اللھم اغفرلہ وارحمہ
[ستمبر۱۹۷۹ء]

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...