Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

علامہ جمیل مظہری
Authors

ARI Id

1676046603252_54338803

Access

Open/Free Access

Pages

173

علامہ جمیل مظہری
علامہ جمیل مظہری اردو کے بلند پایہ شاعر،ادیب اورنقاد تھے، انہوں نے مشرقی ومغربی فلسفہ،ادبیات ومذہبیات اورانسانی فکر و نظر کی تاریخ اورطلسم کدۂ کائنات وحیات کامطالعہ اس عمیق و دقت نظر سے کیا تھا کہ ان پر عالم حیرت طاری ہوگیا اوراس میں تشکیک کارنگ پیدا ہوگیا تھا۔ اس تشکیک نے رمزیت، تفلسف اوراظہار کی ندرت وبرجستگی کے ساتھ آمیز ہوکران کے کلام کوگہری انفرادیت سے ہم آہنگ کردیا تھا۔اس میں کوئی شبہ نہیں ہوسکتا کہ ایک فنکار کی حیثیت سے برصغیر کے شعراء میں وہ ایک ممتاز مرتبۂ ومقام کے مالک تھے لیکن ان کی طبیعت ہنرفروشی جوہنرنمائی کی ایک شاخ ہے ا س سے ہمیشہ سخت متنفر رہے۔ مزاج میں کمال استغناء وبے نیازی کے ساتھ گوشہ گیری وکم آمیزی کی خُو تھی اس لیے ان کو شہرت وعظمت کے دربار میں وہ مقام نہیں ملا جس کے وہ بجا طورپر مستحق تھے۔ افسوس ہے۲۳/جولائی کوان کابھی انتقال اپنے وطن مظفرآباد میں ہوگیا۔مرحوم اوران کے برادرخورد سید امیر رضاکاظمی میرے ان احباب خاص میں تھے جن کی صحبت ومعیت کی وجہ سے کلکتہ میرے لیے باغ وبہار تھا، اس لیے علامہ جمیل مظہری کاانتقال دنیائے شعروادب کاہی ایک سانحہ نہیں، ذاتی طورپر بھی ایک المناک حادثہ ہے۔
اردو کا ایک نوزائیدہ ادبی مجلہ ’’مظہری نمبر‘‘ شائع کررہاہے، اس میں مرحوم پرمیرا مفصل مقالہ بھی ہوگا اس لیے یہاں صرف اس نوٹ پراکتفا کیاجاتا ہے کہ مرحوم حضرت ابوالکلام آزاد کے خاص صحبت یافتہ تھے، ان کو موصوف سے اورموصوف کوان سے ربط و انس خاص تھا۔ ایک مدت تک ادھر ادھر تلاش معاش میں سرگرداں رہنے کے بعد پٹنہ یونیورسٹی میں پہلے اردو کے لیکچرر ہوئے اورپھر ریڈر اوراسی پوسٹ پرسبکدوش ہوگئے۔ نظم اورنثر میں متعدد کتابیں اپنی یادگار چھوڑی ہیں، درویش صفت وقلندر منش، نہایت بے تکلف اور بے تصنع، باہمہ اوربے ہمہ انسان تھے، کسی کی دلآزاری کاغالباً انہیں کبھی تصور بھی نہ آیا ہوگا۔ میں نے اس درجہ قریبی تعلق کے باوجود ان کی زبان سے کبھی کسی کی برائی نہیں سنی، درحقیقت یہ وصف خاص ہزارنیکیوں کی ایک نیکی ہے۔
اللھم اغفرلہ وارحمہ۔
[اکتوبر۱۹۸۰ء]

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...