Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء |
قرطاس
وفیات برہان جولائی 1938 تا اپریل 2001ء

نجیب الرحمن عثمانی
Authors

ARI Id

1676046603252_54338880

Access

Open/Free Access

Pages

252

آہ!ہماراچھوٹا بھائی
نجیب الرحمان عثمانی کاانتقال پر ملال
دل ودماغ رنج وغم اورصدمہ میں ڈوباہوا،ہاتھ کانپ رہاہے،قلم لرزرہاہے یہ لکھتے ہوئے کہ میرا پیارالاڈلا چھوٹابھائی نجیب الرحمن عثمانی اس دنیا میں نہیں رہا موت کے ظالم ہاتھوں نے اس کی روح قبض کرلی ہے اور وہ زندگی سے لڑتا ہوا بالآخر موت کی آغوش میں ہمیشہ ہمیشہ کی نیند سوگیا ہے۔انا ﷲ وانا الیہ راجعون۔
اب کیا لکھوں کیا نہ لکھوں طبیعت سخت پریشان ہے اورگہرے رنج میں ڈوبی ہوئی ہے کہ میرا چھوٹا بھائی کس طرح مسلسل دوسال تک بستر علالت پر اور تقریباً۸ماہ تک ڈائیلاسسز پرموت وزندگی کی کشمکش میں مبتلا رہا اور پھر ۲۷/ ستمبر۱۹۹۹ء کی شب کوہم کوروکتا بلکتا ہواچھوڑ کر اس دنیا سے اس دنیا میں چلا گیا۔ہر زندگی کے لیے موت مقدرہے کسی کو آگے جانا ہے اورکوئی پیچھے چلاجاتاہے جانا سب ہی کوہے مگر بہت سی موتیں زندوں کے لیے ہمیشہ کے لیے رنج وصدمہ کاباعث بن جاتی ہیں۔برادرخوردنجیب الرحمان عثمانی ہم سب کاپیارا تھا، چہیتا تھا،ماں باپ کا توتھا ہی لاڈلا،ماں باپ کے بعد ہم سب نے اس کی محبت اپنے سینوں میں بٹھا لی تھی وہ ہماری آنکھوں کاتارا بن گیا تھا۔ یہ کیاخبر تھی کہ موت اسے اس قدر جلدہم سے چھین لے جائی گی کہ ہم دیکھتے رہ جائیں گے روتے بلکتے ہوئے اس کی موت کے صدمہ سے بلبلا کر چیخ پڑیں گے۔
نجیب الرحمان عثمانی عرف بڑے میاں قبلہ اباجان حضرت مفکر ملت مفتی عتیق الرحمان عثمانی ؒ کے سب سے چھوٹے اورلاڈلے بیٹے تھے اﷲ پاک نے خوبصورت بنایاتھا ماں کا بھی چہیتا تھا اورپھر اس کے ظاہری حسن کے ساتھ باطن میں خوبیاں ہی خوبیاں بھررکھی تھیں۔عجز وانکساری میں اپنے قابل احترام باپ ہی کی طرح تھے۔علم وقابلیت میں نمایاں جوہر تھے، جامعہ ملیہ اسلامیہ سے نمایاں نمبروں کے ساتھ ایم ۔اے پاس کیا تھا۔اخلاق وانسانیت ہمدردی ملت جیسے اعلیٰ اوصاف بدرجہ اتم موجود تھے۔شعائر اسلام صوم وصلوٰۃ کے سخت ترین پابند تھے۔ اتنی ساری خوبیوں کے ساتھ غرور وتکبر نام کا بھی ان میں نہ تھا۔
حضرت مفتی عتیق الرحمن عثمانی ؒنے ان کے لیے رشتہ زوجیت بھی بڑی تلاش وجدوجہد اورچھان بین کے بعد علمی دنیا کے نامور ثقہ عالم وادیب، مفکر ومدبر، بہترین انشاء پرداز، ملت اسلامیہ کے مشہور ومعروف راہنما و قائد، ملک کی قابل احترام شخصیت اور ’دین ودنیا‘ کے مدیر شہیر حضرت مفتی شوکت علی فہمیؒ کی صاحبزادی سے طے کرکے قلبی طمانیت وخوشی حاصل کی تھی۔
اﷲ تعالیٰ نے نجیب الرحمان عثمانی کی زوجہ زرینہ رحمان کو ان کے زمانۂ علالت میں جس طرح خدمت وتیمارداری کی سعادت عطا فرمائی ہے ایسی سعادت کسی کو کم ہی نصیب ہوتی ہے۔اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نیک عفت زرینہ رحمان زوجہ نجیب الرحمان عثمانی کوان کے شوہر کی بے پناہ خدمت کرنے کابہترین اجروصلہ عطاکرے اور انہیں اپنے شوہر کے غم کو برداشت وصبر کی توفیق عطاکرے۔
اس وقت خاندان کے تمام ہی افراد بھائی نجیب الرحمان عثمانی کی وفات کے صدمے سے بے حال ہیں کیا بتائیں ان کی خوبیاں یادکرکرکے دل ودماغ کوکس طرح تڑپارہی ہیں۔کسی کروٹ چین ہی نصیب نہیں ہورہاہے غم ہلکا کیا جائے توکس طرح کیاجائے۔ایسا پیارا بھائی کس کونصیب ہوتاہے، ہمارانصیب اچھا تھا کہ ہمیں نجیب الرحمان عثمانی جیسا پیارابھائی ملا مگراب یہ بھائی ہم سے بچھڑ گیاہے موت کی آغوش میں چلا گیا ہے تودل کوکس طرح ڈھارس دیں کس طرح تسلی دیں وہ کون سے الفاظ ہیں جویادکرکے اپنے اس پیارے بھائی نجیب الرحمان عثمانی کی موت پر صبرکرلیں۔نہیں ہورہاہے صبراﷲ ہی سے دعا ہے کہ ہمارے دل ودماغ کوکسی طرح صبرکرادے ایسا پیارا بھائی اب دیکھنے کونہیں ملے گایہ سوچ کرہی دم نکلاجارہاہے۔
یاالہٰی! تو بڑا رحیم وکریم ہے۔ ہمارے بھائی نجیب الرحمان عثمانی نے دنیا میں تیرا حکم ہرحال میں مانا ہے تیری رضا ہی میں اس نے اپنی رضا سمجھی ہے یاپروردگار عالم!میت جنازہ میں شریک ہرمومن کے دل کی آواز تھی کہ یہ جنتی ہے ’آواز خلق کونقارہ خداسمجھو‘ اس لیے یقین ہے کہ نجیب الرحمان عثمانی کواﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم اور رحم سے جنت الفردوس نصیب ہوگی۔
ادارہ’’برہان‘‘اپنے قارئین کرام سے گزارش کرتاہے کہ مرحوم نجیب الرحمان عثمانی کے ایصال ثواب کے لیے گھروں میں اسلامی درسگاہوں میں قرآن خوانی کااہتمام فرمائیں اورمغفرت کے لیے دعاگو رہیں۔اس کے لیے ہم تمام حضرات کے ذاتی طورپر شکر گزار رہیں گے۔انشاء اﷲ!
[ستمبرواکتوبر۱۹۹۹ء]

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...