Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > انمول لوگ > ہاں ہاں زرداری مجرم ہے

انمول لوگ |
حسنِ ادب
انمول لوگ

ہاں ہاں زرداری مجرم ہے
Authors

ARI Id

1688708377628_56116440

Access

Open/Free Access

Pages

۱۶۷

ہاں ہاں زرداری مجرم ہے ؟

                                                                                                پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف اعوان

بندوق والوں کا مجرم ؟                           فتوے والوں کا مجرم ؟

زرداری ان سب کا مجرم ہے جن کا بھٹو مجرم تھا ،بے نظیر مجرم تھی ،مرتضی مجرم تھا ،شاہنواز مجرم تھا ،سلمان تاثیر مجرم تھا ،شہباز بھٹی مجرم تھا ،بشیر بلور مجرم تھا،زرداری کو ہر طرح سے توڑا گیا ،گیارہ سال جیل میں رکھ کر ،بھیانک جھوٹے مقدمے بنا کر ،بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر ،جیل سے نکال کر وزارت کا حلف اٹھوا کر ،بالآ خر ایوان صدر میں قید کر کے ۔

مگر وہ نہ ٹوٹا ،نہ جھکا نہ بکا بلکہ نا کام دشمن اس کی مسکراہٹ تک نہ توڑ سکے ۔اس پر طرح طرح کے مقدمے بنائے گئے ،مقدمے خود ساختہ ،قاضی اپنے مگر کچھ ثابت نہ کر سکے ،زرداری کی جوانی چھن گئی مگر سچ کا بول بالا ہوا وہ ڈٹا رہا مگر دشمن ہار ماننے والے کب تھے ۔انہوں نے پرکشش الزامات پر مبنی کہانیاں گھڑیں ،میڈیا پر بیٹھے افلاطونوں کو حکم دیا کہ دن رات ان کی کہانیوں کا ڈھنڈورا پیٹو ،اتنا جھوٹ بولو ،بار بار بولو ،لاکھوں بار بولو، جھوٹ کو سچ بنا دو ،بچے بچے کو یاد کروا دو کہ زرداری برا ہے زرداری چور ہے زرداری کرپٹ ہے ۔

مگر وہ نہیں جانتے تھے کہ زرداری کا مقدمہ تاریخ کی عدالت میں ہے ۔تاریخ کی عدالت کسی کی خواہشات کی غلام نہیں ہے ۔تاریخ کی عدالت ثبوت مانگتی ہے ۔تاریخ کی عدالت سچ کو اجاگر کر کے چھوڑتی ہے ۔تاریخ کی عدالت وقت کے فرعون کی طرف سے جھوٹے الزامات کو اٹھا کر باہر پھینک دیتی ہے تاریخ کی عدالت ہر ایک مجرم اور ہر ایک ملزم کو کٹہرے میں کھڑا کر دیتی ہے۔یہاں بڑے بڑوں کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں ،ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں ،زبان ساتھ نہیںدیتی ، یہاں صرف سچ کھڑا ہو سکتا ہے ۔اکیلا سچ ہزاروں جھوٹو ں پر بھاری ہو تا ہے ۔سچ کٹہرے میں کھڑا ہو کر اور سر اٹھا کر بولتا ہے ۔تاریخ کی عدالت پوچھے گی اے الزام لگانے والو!جھوٹے مقدمے بنانے والو ،زرداری کی ساری جوانی چھین لینے والو ،زرداری کو سالہاسال تک اپنی بیوی اور بچوں سے دور رکھنے والو ،زرداری قبیلے کے سردار اور سینکڑوں مربعے زمین کے مالک ،نواب شاہ کے رئیس اعظم حاکم علی زرداری کے اکلوتے بیٹے کو کرپشن کی کیا ضرورت تھی ؟تاریخ پوچھے گی کہ کلفٹن کی مہنگی زمین اور سینمائوںکے مالک ایک کامیاب بزنس مین حاکم علی زرداری کے اکلوتے بیٹے کو کرپشن کی ضرورت ہی کیا تھی ؟

تاریخ کی عدالت یہ بھی پوچھے گی کہ کچھ اپنے بارے میں بتائو کہ تم ایک سرکاری ملازم ہوتے ہوئے اربو ں کھربوں کے مالک کیسے بن گئے ؟تاریخ یہ بھی پوچھے گی کہ تم لوہا کوٹتے کوٹتے چند سالوں میں کھربوں کی جائیدادوں کے مالک کیسے بن گئے ؟تاریخ یہ بھی پوچھے گی کہ اپنے جرائم چھپانے کے لیے تم دوسروں پر الزام لگاتے رہے ،خریدے ہوئے قلموں اور بکی ہوئی زبانوںکے پیچھے چھپ کر وار کرتے رہے ؟

یہ تاریخ کی عدالت ہے جو سچ کو جھوٹ سے الگ کر دیتی ہے ۔سچا ہیرو اور جھوٹا زیرو قرار دیا جاتا ہے ۔اگر تاریخ کی عدالت نہ ہوتی تو نمرود کے مقابلے میں ابراہیم ؑ فرعون کے مقابلے میں موسیؑ ،یزید کے مقابلے حضرت حسینؑ ہیرو کیسے قرار پاتے ۔کافر قرار دیے جانے والے بھلے شاہ کو ولی اﷲ کون مانتا ۔رات کے اندھیرے میں قتل کر کے دفن کر دیے جانے والے بھٹو کو شہید کو ن کہتا اور تاریخ کی عدالت نہ ہوتی تو شاہی تزک و احتشام کے ساتھ دفن کیے جانے والے جنرل ضیاء الحق کی قبر پر یوں ویرانی نہ چھائی ہوتی ۔تاریخ کی عدالت نہ ہوتی تو بے نظیر کو شہید رانی کا خطاب کون دیتا اور اس کے سڑک پر پھیلے خون کو رات کے اندھیرے میں قاتل ٹولہ پانی سے دھو دھو کر قتل کے ثبوت مٹانے کے باوجود در در بھاگتا نہ پھر رہا ہو تا ۔

زرداری کو تاریخ کی عدالت بتدریج ہیرو بنا رہی ہے ۔ابھی سماعت جاری ہے ،جھوٹے مقدمات پر دھمالیں ڈھالنے والوں سے تاریخ کے قاضی نے ابھی کئی سوال پوچھنے ہیں ،چمکتے چہروں کے نیچے بھیانک جرائم کی سیاہی کو بے نقاب کر نا ہے ۔دلیل کا جواب گالی اور الزام سے دینے کے بجائے دلیل سے دینا سیکھ لیں ۔یہی مہذب ہو نے کا تقاضا ہے ۔

فتح دلیل کی ہی ہوتی ہے ۔پروپیگنڈہ اور طاقت کا رعب و داب تاریخ کے کوڑے دان میں ہمیشہ کے لیے غرق ہو جا تا ہے ۔زرداری کی مسکراہٹ کا یہی راز ہے کہ وہ اپنے حریفوں کی بے بسی پر مسکرا رہے ہیں ۔وہ انہیں اپنے نور بصیرت سے تاریخ کے گڑھے میں گرتا دیکھ رہے ہیں ۔

 

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...