Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > دو افسانہ نگار: غلام فرید کاٹھیا اور شاہد رضوان > اردو افسانہ(قیام پاکستان سے پہلے)

دو افسانہ نگار: غلام فرید کاٹھیا اور شاہد رضوان |
حسنِ ادب
دو افسانہ نگار: غلام فرید کاٹھیا اور شاہد رضوان

اردو افسانہ(قیام پاکستان سے پہلے)
ARI Id

1689952519654_56116825

Access

Open/Free Access

Pages

۱۱

اردو افسانہ(قیام پاکستان سے پہلے )
مختصر افسانے کا آغاز امریکہ میں ہوا مغرب میں جدید افسانے کا بانی ’’ایڈگرایلن پو ‘‘کو مانا جاتا ہے۔ اردو ادب میں افسانہ کی ابتداء بیسویں صدی کی پہلی دہائی میں ہوئی مگر اردو کے اولین افسانہ نگار کا تعین کرنا ایک مشکل اور اختلافی کام ہے۔ مختلف ناقدین اور محققین اردو کے اولین افسانہ نگاروں کے طور پر پریم چند ، سجاد حیدر یلدرم اور راشد الخیری کا نام لیتے ہیں۔محمد اشرف اردو کا پہلاافسانہ نگار پریم چند کو قرار دیتے ہیں جبکہ بعض محققین علامہ راشد الخیری کو اردو کا پہلا افسانہ نگار قرار دیتے ہیں۔اردو میں مختصر افسانے کا آغاز پریم چند کے ہا تھوں ہوا اور یہی اس کے میر کارواں کہلائے۔ ڈاکٹر فرمان فتح پوری کے مطابق اردو کے پہلے افسانہ نگار پریم چند نہیں بلکہ سجاد حیدر یلدرم تھے۔ان کے مطابق اردو کا پہلا افسانہ پریم چند کا’’ انمول رتن ‘‘ نہیں بلکہ یلدرم کا’’نشہ کی پہلی ترنگ ہے۔‘‘ جبکہ ڈاکٹر صغیر افراہیم اس نظریے کی تردید کر تے ہوئے کہتے ہیں:
’’سجاد حید ر یلدرم کے افسانے’’ مجھے میرے دوستوں سے بچاؤ‘‘ اور ’’نشہ کی پہلی ترنگ ‘‘ ان کے طبع زاد افسانے نہیں بلکہ ترکی اور انگریزی افسانوں کے تراجم ہیں۔‘‘(9)
اس میں کوئی شک نہیں کہ پریم چند اور سجاد حیدر یلدرم اردو افسانے کے دو اہم ستون ہیں۔ پریم چند نے افسانے میں حقیقت نگاری کو فروغ دیا۔ اردو افسانہ میں سب سے اہم روایت حقیقت نگاری کی ہے اوریہ روایت پریم چند اور ان کے معاصرین کے ہاں ہی ملتی ہے۔جب پریم چند کی حقیقت نگاری کو فروغ ملا تواس دور میں رومانوی تحریک کا بھی آغاز ہوا۔ رومانوی تحریک کے بانی سجاد حیدر یلدرم ہیں۔ یلدرم نے اردو افسانے میں رومانویت کو فروغ دیا۔اس کے علاوہ مجنوں گورکھ پوری،مہدی افادی اور نیاز فتح پوری نے رومانوی طرز کے افسانے لکھے۔ پریم چند اور سجاد حیدر یلدرم نے اردو افسانے میں حقیقت نگاری اور رومانویت دو الگ الگ رجحانات کو فروغ دیا۔
ترقی پسند تحریک نے سماجی حقیقت نگاری کو فروغ دیا اس سلسلے میں ’’انگارے‘‘ کی اشاعت نے اردو ادب کو ایک نیا موڑ بخشا۔’’ انگارے‘‘ 1932 میں شائع ہوا۔ ’’انگارے‘‘ کے افسانہ نگاروں نے پریم چند کی اصلاح پسندی اور مقصدیت کو وسعت دی۔ انگارے کے مصنفین میں احمد علی، محمود الظفر، سجاد ظہیر اور رشید جہاں شامل ہیں۔بقول ڈاکٹر طاہر طیب:
’’ترقی پسند افسانہ نگاروں نے اسلوبیاتی ، ہیئتی اور تکنیکی اعتبار سے اردو افسانے میں کامیاب تجربات کیے۔ ان افسانہ نگاروں پر جہاں مغربی ادب کے اثرات تھے وہیں مغربی نفسیات دانوں خصوصا فرائیڈ کے اثرات بھی نمایاں تھے۔‘‘(10)
’’انگارے ‘‘میں مذہبی انتہا پسندی کے خلاف بغض ،پرانی قدروں سے نفرت ، جنسی گھٹن کو توڑ دینے کی خواہش ، محبت کی زندگی میں آزادی کی تمنا ، سماج کی عائد کردہ پابندیوں کا لبادہ اتار پھینکنے کا اعلان اورصحت مند معاشرے کی تعمیر جیسے موضوعات ملتے ہے۔’’انگارے ‘‘کی اشاعت پر جہاں مذہبی اور سماجی لوگوں نے کئی اعتراضات کیے وہیں ایک بڑے طبقے نے اس کی حمایت بھی کی۔ ’’انگارے ‘‘نے نہ صرف مقصدیت اور سماجی حقیقت پسندی کو فروغ دیا بلکہ جدید تقاضوں کے مطابق ادب برائے زندگی کو بھی فروغ دیا۔
ترقی پسند تحریک سے وابستہ افسانہ نگاروں میں، عصمت چغتائی ، حیات اللہ انصاری ، خواجہ احمد عباس، عزیز احمد ، بلونت سنگھ ، احمد ندیم قاسمی ، علی عباس حسینی، سہیل عظیم آبادی ، اختر انصاری ، اختر حسین رائے پوری اور راجندر سنگھ بیدی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ ڈاکٹر سبینہ اویس کے مطابق:
’’حلقے کے زیر اثر اردو افسانے میں تکنیکی تبدیلیاں بطور خاص اہم ہیں۔یہ تحریک مغرب کی جدید تحریکوں سے متاثر اور تجدید کی داعی تھی۔ اس لیے علامتیت، تاثرات اور جدید نفسیات کے حوالے سے مغرب میں ہونے والے نئے تجربات کو افسانہ نگاروں نے اپنی تخلیقات میں شامل کیا‘‘۔(11)
ترقی پسند تحریک کے افسانہ نگاروں نے جہاں مارکسی ، اشتراکی ادب اور ادب برائے زندگی کو فروغ دیا،وہیں اس دور میں افسانہ مغربی ادب سے بھی متاثر ہوا۔اس طرح ترقی پسند تحریک کے بعد حلقہ اربابِ ذوق کا قیام عمل میں آیا۔ اس حلقے نے ترقی پسند تحریک کے مقابلے میں ادیبوں کو لکھنے کی زیادہ آزادی دی۔حلقہ کے افسانہ نگاروں میں ممتاز مفتی ، محمد حسن عسکری، انتظار حسین ، آغابابر، الطاف فاطمہ اورشیر محمد اختر وغیرہ شامل ہیں۔اس حلقے نے اردو افسانے میں بہت سی تبدیلیاںکیں اور اس تحریک نے نفسیاتی اور علامتی رجحان کو فروغ دیا۔

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...