Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > صبحِ قفس > سخنان چند

صبحِ قفس |
حسنِ ادب
صبحِ قفس

سخنان چند
Authors

ARI Id

1689956803051_56117789

Access

Open/Free Access

Pages

24

سخنانِ چند
عصرِ حاضرمیں محبت کی ندرت اور مشاہدے کی گہرائی کے ساتھ اپنے خارج و باطن میں جھانک کر اور حرف ومعانی سے اپنے والہانہ لگائو سے فن شعر سے وابستگی رکھنے کی روایت کس مقام پہ ہے اس کو نقدو نظر کی دنیا کے امام ہی بہتر جانتے ہیں لیکن اس گئے گزرے دور اور عہد ناپُرساں میں قلم و قرطاس سے اپنا رشتہ مضبوطی سے قائم رکھنے والوں میں جو اہلِ قلم میں اپنے ہونے کا یقین کامل دلاتے ہیں ان میں تائب نظامی کا نام اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔
ان کے اشعار میں ہمارے تہذیبی معاشرتی اورفکری رویوں کی بازگشت بڑی نمایاں ملتی ہے۔ گردوپیش کی زندگی اور اس کا منظرنامہ ان کے ہاں ایک فکری رنگ میں یوں سامنے آتا ہے کہ ہم خود شاعر کے فی بطنہہٖ موجود احساسات کے ساتھ خود کو ہم آمیز پاتے ہیں۔ فنی وفکری التزامات ہوں یا سہلِ ممتنع کے انداز میں شعرگوئی تائب نظامی اس کائنات میں اپنی ریاضت فن کے جوہر دکھلاتے نظرآتے ہیں انسانوں کی زندگی پر انسانوں ہی کے ستم ، بے رُخی اور اجارہ داریوں کے زخموں کا بیاں ہو، محبتوں کی ناسپاسی اور بے قدری کا ذکر ہو یا معاشرتی رویوں کے ہاتھوں انسانوں کے آنسوئوں کا تذکرہ ہو، یہ سب ان کی شاعری کا حسن بیاں ہے۔ سیاست کے مکروہ جہاں کے اندھیروں میں لوٹ کھسوٹ کا عالم ہو یا گئے زمانوں کی محبتوں کے مزار پہ اپنے اشکوں کا نذرانہ عقیدت ہو تائب نظامی کے ہاں ایک سلجھی ہوئی علمی روایت کے دیپ روشن نظر آتے ہیں۔
ان کے ’’صبحِ قفس ‘‘ میں حمد و نعت کے پھول ہوں یا منقبت اہلِ بیت و صحابہ کرامؓ کے روشن دیپ ہوں ان کی ارادت و عقیدت ’’قربان جائیے‘‘ کا رُوپ لیے اپنا اظہار کرتی ہے۔ اُن کی غزل عہدحاضر کی غزل کی بھرپور آئنہ داری کرتی ہے اور ان کی نظموں میں نظم کی روایت اپنی معاصر روایت کا تتبع (پیروی) کرتی دکھائی دیتی ہے۔
۹۰ء کی دہائی سے ہم دونوں کی رفاقت اور ان کی شعرگوئی کی روایت سے گہری وابستگی جس طرح آج بھی زندہ اور پائندہ ہے اس کی ہمیشگی کی دعائیں میرے لبوں پہ ہیں ان کی شخصیت کا محبت بھرا اسلوب اور وضع دار انداز ان کے سارے احباب میںاپنی طرز کی منفرد مثال ہے۔ میں ہمیشہ سے ان کی شاعری کا قدر دان اور دل دادہ رہاہوں ۔ ان کے شعروں کا بانکپن ہو یا نزاکت فنی کا کوئی التزام ہو میں اس کی ضرور داد دیتا ہوں ان کے محبت بھرے گداز اشعار ان کے دوستوں میں بار ہا پڑھے جاتے ہیں اور ان پہ جس والہانہ شیفتگی کا اظہار کیاجاتا ہے وہ ان کی شعر سے محبت کی عظمت کا بھرپور اظہار ہوتے ہیں مضافات میں رہتے ہوئے بھی ان کی غزلیات اور نظموں کا ملک کے معروف جرائد میں اشاعت پذیر ہونا ان کے قادرالکلام شاعر ہونے کا مظہر ہے۔
’’صبحِ قفس‘‘ کا ایک ایک شعر میرے اس محبت بھرے اظہاریئے کا منہ بولتا ثبوت ہو گا کہ یہ اشعار دلوں میں اُتر کر روشنی بن کر جگمگائیں گے اور گردوپیش کو رُشنانے اور مہکانے میں اپنے حصّے کا کردار ادا کریں گے ان کے اشعار دلوں کو گداز اور روح کو تازگی بخشنے میں اوراپنی بے مثال تاثرپذیری کے باعث ہمارے عہد کے عصری شعور کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔
سیف اللہ زاہد
جنرل سیکرٹری’’بزم اسیر عابد‘‘گوجرانوالہ

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...